Editorial

جنرل عاصم منیر کا بھارت کو دوٹوک انتباہ

آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر شاہ نے بھارت کو دو ٹوک پیغام دیا ہے کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو ہم گھر میں گھس کر ماریں گے، کسی غلط خیال کی بنیاد پر کسی بھی مس ایڈونچر کا سامنا مسلح افواج کی مکمل قوت کے ساتھ کیا جائے گا، جسے حوصلہ مند قوم کی حمایت بھی حاصل ہوگی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول کی تازہ صورت حال اور فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی ۔ آرمی چیف نے افسروں اورجوانوں سے بات چیت کی اور ان کی پیشہ ورانہ قابلیت اور بلند حوصلے کو سراہا اور کہا کہ ہم نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے متعلق بھارتی قیادت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ بیانات کا نوٹس لیا ہے، پاکستان کی مسلح افواج وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیں گے، بھارت کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا، دنیا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام سے کیاگیا وعدہ پورا کرے۔ آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر شاہ نے ملکی دفاع کا فریضہ سنبھال کر اگلے مورچوں کے دوروں کاآغاز کردیا ہے، جس کا مقصد دشمن کے خلاف سینہ سپر افسران و جوانوں کے درمیان موجود رہ کر اِن کے حوصلے بڑھانا ہے تاکہ مشرقی و مغربی سرحدوں، سیاچن کی یخ بستہ چوٹیوں اور تپتے صحرائوں میں وطن عزیز کے چپہ چپہ کی حفاظت کے لیے موجود قوم کے بیٹوں کے عزم و استقلال میں اضافہ ہو اور وہ ہمیشہ کی طرح دشمن کو ذلیل و رسوا کرنے کے لیے ڈٹے رہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ قوم پاکستان نے جنرل سید عاصم منیر شاہ کی نئی ذمہ داری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُن سے بے شمار اُمیدیں وابستہ کی ہیں اور بلاشبہ وہ قوم کی توقعات پر پورا اُتریں گے اور روایتی دشمن بھارت کو جس طرح انہوں نے متنبہ کیا ہے، اب بھارتی نام نہاد سورمائوں اور قیادت کو سمجھ لینا چاہیے کہ امن کی داعی پاک فوج وطن پر قربان ہونے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے لہٰذا کسی حماقت کا سوچنے سے پہلے اُس کا انجام سوچ لیں کیونکہ پاک فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے تجربات نے ہمیں مزید سخت جان بنادیا ہے لہٰذا ہم پوری طاقت کے ساتھ دشمن کو نیست و نابود کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اس کے لیے صرف جذبہ ایمانی اور شہادت کی آرزو درکار ہوتی ہے جو قوم کے بیٹوں ہمارے سپاہ میں کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے اور اِس کا عملی مظاہرہ بھارت ہمیشہ دیکھتا آیا ہے ۔پاک فوج کے جوان دنیا کی تمام افواج میں سب سے بہترین سپاہی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بے شمار ممالک سے سپاہ تربیت کے حصول کے لیے ملٹری اکیڈمی آتے ہیں جہاں انہیں پاک فوج کی اعلیٰ معیارکی تربیت اورڈسپلن سیکھنے کو ملتا ہے کیونکہ ہمارا ایمان ہے کہ سپاہ گری باوقار پیشہ ہے اور سپاہی ہونا ایک اعزاز کی بات ہے اور مسلمانوں کی تاریخ سپاہ گری اور فتوحات سے بھری پڑی ہے، یہی وجہ ہے کہ بندہ مومن چٹان سے ٹکرانے کی
بھی طاقت رکھتا ہے کیونکہ مادر وطن پر مرمٹنے کی تربیت ہمیں ماں کی گود سے ملتی ہے جبھی اُن کے سپوت میدان جنگ میں بہادری سے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہیں اور تاریخ میں ہمیشہ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر شاہ نے پاک فوج کے جن مختلف شعبوں میں اہم ذمہ داریاں انجام دیں اور قبل ازیں مثالی کیڈٹ کے طور پر اپنی پہچان بنائی اِس سے بخوبی تصور کیاجاسکتا ہے کہ ملکی دفاع کے معاملے پر بطور سپہ سالار اُن کی حکمت عملی کیاہوگی اور وہ بلاتاخیر دشمن کو نیست و نابود کرنے کے لیے کتنی دیر لگائیں گے۔ ہمارے روایتی دشمن بھارت نے ہماری افواج کو ہمہ وقت حالت جنگ میں رہنے کا عادی کیاہے کیونکہ 75سالہ تاریخ شاہد ہے کہ بھارت بارہا ہم پر حملہ آور ہوا مگر ہمیشہ نامراد اور بدنام ہوا۔ پوری دنیا کے لیے پاک فوج نے ایک ایسی مثال قائم کی ہے جو کہیں اور سے نہیںملتی۔ ایک طرف جدید ہتھیار اور گولہ بارود کے انبار اور بے شمار وسائل ہیں اور ساتھ ساتھ ہی بعض شرپسند طاقتوں کاتعاون اور اُن کی مکاری بھی حاصل ہے مگر پھر بھی حیرت انگیز دفاعی بجٹ کے باوجود بھارت اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیںہوسکا کیونکہ اِس کا سامنا ہمیشہ پاک فوج سے رہا ہے جو کم ترین وسائل، محدود دفاعی بجٹ اور روایتی ہتھیاروں کے باوجود بھارت کو ہمیشہ دھول چٹاتی رہی ہے، ماضی میں بھی بھارت کو حجم اور ہتھیاروں کے لحاظ سے ہم پر برتری حاصل تھی اور آج بھی ہے مگر اِس کے باوجود بھارت ایک چپہ پیش قدمی اِس لیے نہیں کرسکا کیونکہ سامنے وہ فوج کھڑی ہے جس نے اپنے قومی وسائل اورکم دفاعی بجٹ کے باوجود دشمن کو نیست و نابود کرنے کی روایت قائم رکھی ہوئی ہے۔ 1965کی جنگ ہو یا بالا کوٹ ایڈونچر پاکستان نے ہمیشہ بھارتی عزائم کو خاک میں ملایا ہے اور اس کی وجہ جذبہ ایمانی اور جذبہ شہادت ہے کیونکہ ہماری مسلح افواج جذبہ ایمانی کے ساتھ نظریے کے سامنے رکھ کر لڑتی ہیں ، ملک خداداد کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا اور آج دفاعی لحاظ سے ہم عالم اسلام کا حوصلہ ہیں اور یہ اعزاز بلاشبہ ہماری افواج اور پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ سرحدوںکا دفاع ہو یا دہشت گردی کی دنیا کی سب سے بڑی جنگ، پاک فوج نے ہمیشہ فتوحات سمیٹی ہیں اور دنیا کو ورطہ حیرت میں مبتلا کیا ہے۔ آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر شاہ یقیناً بخوبی سمجھتے ہیں کہ پوری قوم اُن کے اور پاک فوج کے شانہ بشانہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور کبھی مشکل وقت آنے پر اپنے بیٹوں کے ساتھ خون کے آخری قطرے تک وطن عزیز کے چپے چپے کا دفاع کرے گی۔ ہمیں یقین ہے کہ نئے سپہ سالار جو ہمیشہ سے ہی دشمن کے لیے خوف کی علامت رہے ہیں اُن کی تقرری کے بعد دشمن کی صفوں میں ہمہ وقت خوف کے سائے منڈلاتے رہیں گے کیونکہ اِس امر کی قطعی تردید نہیںکی جاسکتی کہ سپہ سالار ہی دراصل سپاہ کی طاقت ہوتا ہے، مسلمان فاتحین اور پہلے نبی کریمﷺؐاِس کی بہترین مثال ہیں، لہٰذا ہمیں یقین ہے کہ آرمی چیف وطن عزیز کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے ماضی کی طرح ہمہ وقت کوشاں رہیں گے کیونکہ انہیں پوری قوم اور قیادت کی مکمل حمایت اورتائید حاصل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button