کھانے کی ایک عام عادت جس سے آپکے گردے فیل ہوسکتے ہیں
ایک تخمینے کے مطابق دنیا بھر میں ہر 10 میں سے ایک فرد کو گردوں کے دائمی امراض کا سامنا ہوتا ہے جس کے نتیجے میں سیال اور دیگر مواد جسم میں اکٹھا ہونے لگتا ہے۔
گردوں کے امراض کا شکار بنانے کی متعدد وجوہات ہو سکتی ہیں مگر ایک عام عادت سے یہ خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے۔ یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔ Tulane یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ کھانے پر اوپر سے نمک چھڑکنے کی عادت سے گردوں کے دائمی امراض کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے۔گردوں کے دائمی دائمی امراض یا سی کے ڈی کے دوران طویل المعیاد بنیادوں پر گردوں کو نقصان پہنچتا ہے جبکہ موت کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
اس تحقیق میں 37 سے 73 سال کی عمر کے 4 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد کے طبی ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔ تحقیق کے آغاز میں یہ سب افراد گردوں کے دائمی امراض سے محفوظ تھے اور ان کی صحت اور غذائی عادات کا جائزہ 12 سال تک لیا گیا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ جو افراد کھانے پر اوپر سے نمک چھڑکتے ہیں، ان میں گردوں کے دائمی امراض کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔
درحقیقت کبھی کبھار ایسا کرنا بھی گردوں کے امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
محققین کے مطابق تمباکو نوشی، ذیابیطس، موٹاپے اور امراض قلب سے گردوں کے امراض کا خطرہ بڑھتا ہے مگر تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ ان عناصر سے محفوظ افراد بھی اگر غذا میں اضافی نمک کا استعمال کرتے ہیں تو گردوں کے امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔