صحت

پانی پینے کا صحیح وقت کونسا ہے؟

روزمرہ کی زندگی میں معمولات زندگی انجام دینے کے لیے ضروری ہے کہ پانی کا استعمال مناسب مقدار میں کیا جائے خاص طور سے گرم موسم میں بصورت دیگر ڈی ہائیڈریشن کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

جسم کو دن بھر ہائیڈریٹ رکھنے کے لیے یہ ضروری نہیں ہے کہ آپ دن بھر پانی کا استعمال کریں یا ضرورت سے زیادہ مقدار میں پانی کا استعمال کیا جائے بلکہ آپ چند مخصوص اوقات میں مناسب مقدار میں پانی کا استعمال کرکے بھی اپنے آپ کو ہائیڈریٹ رکھ سکتے ہیں۔

جی ہاں یہ درست ہے کہ کچھ اوقات ایسے بھی ہوتے ہیں جب پانی پینا جسم کے لیے زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے۔

درج ذیل میں وہ اوقات دیے گئے ہیں، جن میں پانی پینا صحت کو بہت زیادہ فائدہ پہنچا سکتا ہے۔

نہار منہ

صبح اٹھ کر سب سے پہلے پانی پینا صحت کے لیے بہترین ہوتا ہے۔ رات بھر ہمارا جسم کھانے اور پانی سے دور رہتا ہے اور بیدار ہوتے ہی پانی پینے سے سستی دور ہوتی ہے، یہ عمل ہمارے انہضام کو شروع کرتا ہے اور میٹابولزم کو بڑھاتا ہے، جسم سے زہریلے مادوں کو باہر نکالتا اور اس کے نظام کو منظم رکھتا ہے۔

کھانے سے قبل اور کھانے کے دوران

کھانا کھانے سے قبل پانی کا استعمال جسمانی وزن میں کمی کا سبب بن سکتا ہے جبکہ کھانے کے دوران پانی پینے سے کھانا جلدی ہضم ہوتا ہے۔

ایک تحقیق کے مطابق کھانے سے 30 منٹ قبل پانی پینے سے 12 ہفتوں کے دوران ایک سے 2 کلو گرام جسمانی وزن میں کمی آسکتی ہے اور چربی گھلنے کا عمل تیز ہو جاتا ہے۔

کھانے کے دوران پانی پینے سے جسم کو غذا کے ٹکڑے کرنے اور ہضم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کی مدد سےغذا کے ٹکڑے یا ریزے کرنا جسم کے لیے آسان ہوجاتا ہے۔ غذا کے ٹکڑے ہونے کے بعد جسم اس میں موجود غذائی اجزا کو جذب کرلیتا ہے۔

ورزش کرتے وقت

ورزش کے دوران بہت زیادہ پسینہ خارج ہوتا ہے، اس لیے ورزش کے دوران پانی کا استعمال جسم میں پانی کی ضرورت کو پورا کرتا ہے۔

ورزش کرنے کے بعد بھی پانی ضرور پینا چاہیے تاکہ جسمانی سیال میں آنے والی کمی دور کر سکیں۔ اس کے علاوہ جب بھی پسینہ آتا ہے تو اس سے جسمانی سیال کی مقدار میں کمی آتی ہے تو بہتر ہے کہ پانی پی لیں تاکہ ڈی ہائیڈریشن سے بچ سکیں۔

دن بھر کے دوران جب بھوک کا احساس ہو

اکثر پیاس کا احساس بھوک کی شکل میں بھی ہوتا ہے مگر لوگ یہ سمجھ نہیں پاتے کہ جسم پانی طلب کر رہا ہے۔

تو اگر بے وقت بھوک محسوس ہو تو کچھ کھانے سے پہلے ایک یا 2 گلاس پانی پی لیں، اگر بھوک کا احساس ختم ہو جائے تو سمجھ لیں کہ آپ کو حقیقت میں پیاس لگی تھی۔

دوپہر میں جب سستی یا غنودگی کا سامنا ہو

دوپہر میں اکثر افراد کو سستی اور غنودگی جیسی کیفیت کا سامنا ہوتا ہے تو چائے یا کافی کی بجائے ایک یا 2 گلاس پانی پی لیں یا پانی میں لیموں کا عرق شامل کرکے پی لیں، اس سے سستی دور ہو جائے گی جبکہ مزاج اور یادداشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button