صحت

رمضان کے دوران آپ اپنی صحت کا خیال کیسے رکھ سکتے ہیں؟

ماہِ رمضان میں روزے رکھنے کے کیا طبی فائدے ہیں اور اس دوران عمومی مسائل جیسے سر درد اور کمزوری سے بچنے کے کیا طریقے ہیں۔ اس حوالے سے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ  سحری کے وقت کھانا بہت اہم ہے کیونکہ یہ آپ کے لیے توانائی کے ذخائر کا مجموعہ پیش کرتا ہے۔

اس طرح افطار میں بھی صحت بخش غذا کے بارے میں جاننا ضروری ہے اور کچھ چیزوں سے پرہیز کرنا بھی ضروری ہے۔

روزے کے دوران صحت سے متعلق آگاہی

رمضان کے دوران روزہ رکھنا صحت مند لوگوں کے لیے خطرناک نہیں ہے تاہم یہ ان لوگوں کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتا ہے جو کسی بیماری کا شکار ہیں۔

چونکہ اس کے باعث خون میں شوگر کی سطح متاثر ہو سکتی ہے اس لیے خاص طور پر ذیابیطس کے مریضوں کے لیے خطرناک ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس مرض میں مبتلا افراد کے لیے رمضان شروع ہونے سے پہلے اپنے ڈاکٹروں سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔

کچھ لوگ دن میں تھکاوٹ اور چکر آنے کی شکایت بھی کرتے ہیں اور کچھ کو کمزوری بھی محسوس ہوتی ہے۔

رمضان میں اپنی صحت کا خیال رکھنے کے لیے سب سے اہم چیز کیا ہے؟

رمضان کے دوران اپنی خوراک کی غذائیت کا خاص طور پر خیال رکھنا اور پانی پیتے رہنا مدد گار ثابت ہوتا ہے۔

اسی طرح نیند بھی اس دوران اہم کردار ادا کرتی ہے اور یہ رمضان میں خاص طور پر اہم ہے کیونکہ جب آپ طلوع آفتاب سے پہلے کھانے کے لیے بیدار ہوتے ہیں تو آپ کی نیند میں خلل پڑتا ہے۔

پورے مہینے کے لیے رمضان کا شیڈول بنانے کی کوشش کریں اور اچھی نیند اور آرام حاصل کرنے کے لیے سونے سے پہلے موبائل یا لیپ ٹاپ اور دوسری سکرینز کا استعمال کم سے کم کریں۔

وہ لوگ جو عام طور پر چائے یا کافی پیتے ہیں انھیں دن میں ان کی طلب کے باعث سر درد اور تھکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لیکن یہ عام طور پر ایک ہفتہ یا اس سے زیادہ کے بعد کم ہو جاتا ہے کیونکہ آپ کا جسم رمضان کے مطابق ڈھل جاتا ہے۔

آخر میں یہ ضروری ہے کہ آپ اپنے جسم میں ہونے والی تبدیلیوں کی علامات پر توجہ دیں تاکہ آپ ان پر قابو پا سکیں۔ جیسا کہ آپ کے وزن میں بہت تیزی سے اضافہ یا کمی تو نہیں آ رہی اور یہ کہ آپ کو کہیں درد تو نہیں ہو رہا۔

رمضان کی تیاری

یہ بھی ذہن میں رکھنا اچھا ہے کہ کئی گھنٹوں تک روزہ رکھنے اور افطار اور سحری کے دوران جسم کو وافر مقدار میں پانی ملنے کی ضرورت ہے۔ اس لیے بہت زیادہ پانی پینا ضروری ہے۔

لوگوں کی ایک عام غلطی یہ ہے کہ فجر سے پہلے سو جانا ہے تاکہ نیند میں خلل نہ پڑے۔

سحری کے وقت ایک متوازن اور غذائیت سے بھرپور کھانا آپ کو دن کے وقت کم توانائی، مزاج میں تبدیلی اور سر درد سے بچنے میں مدد دے گا۔

وہ چیزیں جو افطار کے لیے بہترین ہیں

جب آپ افطار کرتے ہیں تو آپ کو پانی کی قلت کو کو پورا کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ روزہ افطار کرنے کا بہترین طریقہ کھجور اور پانی یا دودھ سے ہے اور یہ ایک ہی وقت میں کچھ قدرتی چینی، غذائی اجزا اور پانی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

مسلم دنیا کے کئی حصوں میں افطار پر سوپ بہت مقبول ہے، یہ ایک بہترین انتخاب ہے کیونکہ آپ کو ایسے مائع کی ضرورت ہوتی ہے جو غذائیت سے بھرپور ہو اور اس میں مختلف قسم کی سبزیاں، پھلیاں شامل ہوں۔

رمضان کے دوران افطار کا کھانا انتہائی خوشگوار ہو سکتا ہے کیونکہ لوگ بعض اوقات خاندان اور دوستوں کے ساتھ بڑے اجتماعات میں افطار کرتے ہیں لیکن یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ بہت زیادہ چکنائی کھانے سے آپ کو تھکاوٹ اور سستی محسوس ہو سکتی ہے اور آپ کی صحت کو اس سے نقصان پہنچ سکتا ہے اور آپ کی عبادات میں بھی سستی پیدا ہو سکتی ہے۔

بشکریہ بی بی سی اردو

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button