Editorial

پاکستان کا گرے لسٹ سے اخراج

 

منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے ہونے والی فنڈنگ پر نظر رکھنے والے عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو گرے لسٹ سے خارج کردیا ہے۔اعلامیے کے مطابق پاکستان ایف اے ٹی ایف کی مانیٹرنگ میں رہے گا، پاکستان کو اینٹی منی لانڈرنگ اورٹیررفنانسنگ قانون پرمزید عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ایف اے ٹی ایف کے صدر ٹی راجا کمار نے اس موقع پر پاکستان کی اس پیش رفت کا خیرمقدم اور ستائش کرتے ہوئے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان 2018 سے گرے لسٹ میں تھا اور حکام کی جانب سے بڑی محنت کے بعد منی لانڈرنگ اور انسداد دہشت گردی فنڈنگ کے حوالے سے کمزوری پر قابو پاتے ہوئے 34 نکات پر عمل درآمد مکمل کرلیا گیا، پاکستان اب انسداد منی لانڈرنگ و دہشت گردی کے لیے فنڈنگ کے انسداد پر مؤثر کام کر رہا ہے، ایف اے ٹی ایف کی ٹیم نے تصدیق کی کہ اصلاحات کی گئی ہیں اور اصلاحات جاری رکھنے کے لیے اعلیٰ سطح کی قابلیت اور عزم ہے ،یہ اصلاحات ملک اور خطے کے استحکام اور سلامتی کے لیے اچھی ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ انہیں مزید کام کی ضرورت نہیں،ہمیں امید ہے پاکستان نظام کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ایف اے ٹی ایف کے ریجنل شراکت دار ایشیا پیسفک گروپ سے تعاون جاری رکھے گا۔اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیرمملکت برائے خارجہ امورحنا ربانی کھر نے کی اجلاس کے بعد باقاعدہ فیٹف نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نےکہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نجات ملی،عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار کی بحالی قوم کو مبارک ہو،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یہ ہماری عظیم قربانیوں کا اعتراف ہے، انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو دنیا نے تسلیم کیا ، فیٹف میں شامل ممالک کا شکریہ، پاکستان کےمؤقف کو تسلیم کیا، وزیرخارجہ بلاول بھٹو، تمام متعلقہ حکام اور وزارتوں کو مبارک ہو، افواج پاکستان، ڈی جی ایم او سمیت دیگر تمام ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں، اتحادی جماعتوں اور قائدین کا بھی شکریہ جنہوں نے بھرپور تعاون سے یہ ممکن بنایا۔ صدر مملکت عارف علوی نے بھی کہا کہ فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے پر پاکستانی عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، اِس کاسہرا اُن تمام لوگوں کو جاتا ہے جنہوں نے اِس پر انتھک محنت کی۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں قوم کو اس پیش رفت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کو مبارک ہو، پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ
سے باقاعدہ طور پر نکال دیا گیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بھی کہا ہے کہ امریکہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے انسداد منی لانڈرنگ اوردہشت گردی کی مالی اعانت کے انسداد کے اہداف پورے کرنے میں پاکستان کی پیش رفت اور کوششوں کو تسلیم کرتا ہے، جس کے نتیجے میں اسے گرے لسٹ سے نکالاگیا۔ بلاشبہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنا پوری پاکستانی قوم کے لیے بڑی خوشخبری ہے اور اِس کا کریڈٹ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے ، جن کی خصوصی دلچسپی اور تسلسل کے ساتھ کاوشوں کے باعث فیٹف میں دیئے گئے تمام اہداف وقت سے پہلے مکمل کئے گئے ۔پاکستان نے بین الاقوامی رسک بیسڈ سٹرٹیجی کی پاسداری کی روایت برقرار رکھی اور تمام نکات پر عملدرآمد کر کے ایک ذمہ دار ریاست کا ثبوت دیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس شاندار قومی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ۔جنرل قمر جاوید باجوہ کے حکم پر 2019 میں ڈی ج ایم او کے ماتحت جی ایچ کیو میں حکومت پاکستان کی درخواست پر ایک سیل بنایا گیا جس میں تیس سے زائد محکموں اور وزارتوں اور ایجنسیوں کے درمیان موثر رابطے کا نظام تشکیل دیا اور اِس سیل نے دن رات کام کر کے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسگ پر موثر لائحہ عمل بنایا اور تمام اداروں نے عمل کیا اور اس کی وجہ سے قانون بنا۔ ان اقدامات کی وجہ سے ترسیلات میں تاریخی بہتری آئی، غرضیکہ فیٹف کے خدشات کودور کرنے کے لیے جامع حکمت عملی اور تفصیلی روڈ میپ تیار کیاگیا جس کےبعد آج پاکستان کو گرے لسٹ سے باہر نکالاگیا ہے اور قوم اس شاندار کامیابی پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتی ہے کیونکہ انہوں نے وہ کام کیا جو پاکستان اور پاکستانی قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی ۔ اِس کے ساتھ ساتھ وہ تمام ادارے، شخصیات اور جوان بھی قابل تعریف ہیں جنہوں نے اِس عظیم کام کے لیے دن رات ایک کیا اورتسلسل کے ساتھ کوششیں کرکے پاکستان کو اِس مشکل سے نکالا جو درحقیقت نظر نہ آنے والا خوفناک چیلنج تھا، ہم اِس مشکل میں کیسے پھنسے اور اِس میں پھانسنے کے لیے کیا بنیاد تیارکی گئی یہ سب ہمارے سامنے ہے۔ بھارت نے پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کرانے کے لیے دہشت گردی کے ایسے واقعات اپنے ہاں رونما کرائے جن میں اُس کی اپنی بدنیتی اور مفاد بالکل واضح تھا لیکن اِس کے باوجود اُن واقعات کا الزام پاکستان کے سرتھونپا اور عالمی سطح پر جعلی پراپیگنڈا کرکے عالمی اداروں کو پاکستان کی طرف متوجہ کرایا، اِس میں قطعی دو رائے نہیں کہ نظام زندگی اطلاحات کا نام ہے اور ہمارے نظام میں بعض اصلاحات کی ضرورت تھی اور وہ کی بھی گئی ہیں لیکن اس کا مطلب قطعی نہیں کہ پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھاجاتا خصوصاً بھارت کے جھوٹے واویلے اور پراپیگنڈے کی بنیاد پر۔ فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے سے پاکستان کے لیے غیرملکی فنڈنگ کا حصول آسان ہو جائے گا اور ہم ایک بار پھر پاک فوج خصوصاً جنرل قمر جاوید باجوہ اور اِن تمام اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہیں جنہوں نے وطن عزیز کو اِس مشکل چیلنج سے کامیابی کے ساتھ باہر نکالا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button