تازہ ترینخبریںدنیا

روسی حملوں سے یوکرین میں بجلی کا نظام تباہ،ملک اندھیروں میں ڈوب گیا

روسی حملوں کے باعث یوکرین میں بجلی کا 40 فیصد ترسیلی نظام تباہ ہوگیا جس کے باعث لوگوں بجلی کی طویل بندش کا سامنا ہے۔

یوکرین کی قومی توانائی کمپنی نے روسی میزائل حملوں کے سبب بجلی کی فراہمی میں متوقع کٹوتی کی وجہ سے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بجلی کی بندش کے لیے تیار رہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکام نے یوکرین کے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ شام کے وقت بجلی کا استعمال کم کر دیں۔

حکام کی جانب سے بلیک آؤٹ کی تیاری کے لیے یوکرین کے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پانی ذخیرہ کر لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے پاس گرم جرابیں اور کمبل موجود ہوں۔

یوکرین کے وزیر توانائی کے مشیر اولیکسینڈر کھرچینکو کے مطابق ملک کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کا 40 فیصد حصہ بری طرح تباہ ہو چکا ہے۔

صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ بدھ کے روز توانائی کی تین تنصیبات تباہ ہو گئی ہیں اور توانائی کی کمپنیاں موسم سرما کے لیے تمام ممکنہ منظرنامے کی تیاری کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ بجلی کی بندش نے پہلے ہی دارالحکومت کیئف کے کچھ حصوں اور یوکرین کے بہت سے علاقوں کو متاثر کیا ہے۔ روسی میزائلوں نے پورے یوکرین میں بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا ہے ، جس میں مغرب میں لیویو جیسے شہر بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز ایک بار پھر روسی میزائلوں نے توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا ، جو 10 اکتوبر کے بعد سے شروع ہونے والے حملوں کا حصہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button