دنیا

معاہدہ کرو ورنہ … امریکا اور اسرائیل حماس کو دھمکانے لگے

جنگ بندی معاہدے کے لیے امریکا اور اسرائیل دھمکیوں پر اتر آئے، اسرائیلی حکام نے دھمکی دی ہے کہ ایک ہفتے میں اگر حماس نے معاہدہ نہیں کیا تو رفح شہر پر چڑھائی کر دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق مصر کے شہر قاہرہ میں جاری جنگ بندی مذاکرات کے درمیان جمعے کو ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے حماس کو جنگ بندی کے معاہدے پر رضامندی کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا ہے، ورنہ اسرائیل رفح میں فوجی کارروائی شروع کر دے گا۔

وال سٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا ہے کہ مصری حکام نے جمعرات کو حماس کو اسرائیل کا پیغام پہنچایا، حکام کے مطابق مصر نے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کی ایک نظرثانی شدہ تجویز پر کام کیا تھا، اور اسے گزشتہ ہفتے کے آخر میں حماس کو پیش کیا گیا تھا، تاہم حماس کے فوجی رہنما یحییٰ سنوار نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے معاہدے میں صرف حماس حائل ہے، امریکا نے قطر کو کہا ہے کہ حماس جنگ بندی مسترد کرتا ہے تو اسے ملک بدر کر دیا جائے۔ تاہم حماس کے رہنما حسام بدران نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو جنگ بندی مذاکرات میں رکاوٹ قرار دے دیا ہے، انھوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نے ایسے بیانات جاری کیے ہیں جن کا مقصد جنگ بندی کے امکانات کو نقصان پہنچانا ہے۔

واضح رہے کہ جنگ بندی مذاکرات کے لیے حماس کا وفد آج قاہرہ پہنچ گیا ہے، حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کا غزہ سے انخلا اور قیدیوں کا تبادلہ ان کے بنیادی مطالبات ہیں۔ جب کہ سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز کل جمعہ کو قاہرہ پہنچ گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button