پاکستان

عمران خان کے بیانات میڈیا پر نشر نہ کرنے کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے احتساب عدالت کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

عمران خان نے وکیل سلمان اکرم راجہ کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔ احتساب عدالت نے فیصلے میں کہا بانی پی ٹی آئی جیل ٹرائیل کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران ریاستی اداروں کیخلاف بیانات دینے سے گریز کریں۔

درخواست میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ حتساب عدالت نے فیصلے میں کہا کہ میڈیا اپنی رپورٹنگ صرف ٹرائل کی حد تک محدود رکھے اور میڈیا وکلا اور گواہان کے بیانات رپورٹ نہ کرے۔

درخواست کے مطابق اوپن کورٹ میں موجود صحافیوں کے حقوق پر کوئی قدغن نہیں لگائی جا سکتی۔ درخواست میں یہ بھی موقف اختیار کیا گیا ہے کہ صحافیوں کو ٹرائل کے دوران وکلا، گواہان یا ملزمان کے بیانات نشر کرنے سے نہیں روکا جاسکتا، درخواست میں یہ کہا گیا ہے کہ نہ صرف ملزم کا بیان دینا اور میڈیا کا اس بیان کو رپورٹ کرنا آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت محفوظ ہے بلکہ پاکستانی عوام کا بانی پی ٹی آئی کے بیانات سے آگاہ رہنا آرٹیکل 19 اے کے تحت بھی محفوظ ہے۔

درخواست میں اس بات کا ذکر کیا گیا ہے کہ احتساب عدالت کا 19 اپریل کا حکم نامہ آئین کے آرٹیکل 19 اور 19 اے کے برخلاف ہے، اور احتساب عدالت 19 اپریل کا حکم نامہ کالعدم قرار دیا جائے، اس کے ساتھ ساتھ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ احتساب عدالت کو بانی پی ٹی آئی کو سیاسی بیانات دینے سے نہ روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

تاہم اس درخواست پر فیصلہ ہونے تک احتساب عدالت کا 19 اپریل کا حکم نامہ معطل کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button