Column

سوشل میڈیاکے ناپاک عزائم … آصف حنیف

آصف حنیف
گزشتہ چند دنوں سے پاک فوج اور دیگر ریاستی اداروں کے متعلق سوشل میڈیا پر مذموم اورگھٹیا ٹرینڈچلائے جارہے ہیں۔ماضی میں بھی ایسی چیزیں ہوتی رہی ہیں لیکن اس دفعہ اس کو بڑے پیمانے پر اور بڑے منظم انداز میں چلایا گیا ہے ۔ اپنی فوج اوردیگر آئینی وریاستی اداروں کیخلاف ایسی مہم جوئی کرنے والے پاکستان کے خیر خواہ یا محب وطن ہوسکتے ہیں ؟
یقیناً نہیں ، ایک محب وطن پاکستانی ہونے کے ناطے ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم ایسے گروہوں کو بے نقاب کریں اور انکے مذموم مقاصد کا حصہ نہ بنیں ، سوشل میڈیا پر چند ریٹائرڈ آرمی آفیشلز کی فیک آڈیوز بھی گردش کر رہی ہیں، جس کی ان متعلقہ آفیسرز کی طرف سے تردید اور مذمت کی گئی ہے ۔ بطور پاکستانی ہمارا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم ایسی افواہ ساز فیکٹریوں پر بالکل دھیان نہ دیں اورسوچیں کے ان محرکات سے کیا ملک پاکستان کا فائدہ ہو رہا ہے؟
ہرگز نہیں یہ ہمارے دشمنوں کی چالیں اور عزائم ہیں
یہ لوگ پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کرکے پاکستان کو خانہ جنگی اور دیوالیہ کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں ۔ پوری دنیا میں پاکستان کی مخالف قوتوں کو ایٹمی پاکستان طاقت کے طور پر ایک آنکھ نہیں بھاتا ، یہ قوتیں دیگر ذرائع سے ناکامی کے بعد اب پاکستان کے باشعور عوام کو گمراہ کر کے
اورمعاشرے میں نفرت کے کلچر کو پروان چڑھا کر پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں نے قیام پاکستان سے لیکر آج تک لازوال قربانیاں دی ہیں اور پچھلی چند دہائیوں میں دہشت گردی اور شدت پسند ی کے خاتمے کے لیے ایسے دشمن جو ہماری صفوں میں موجود ہیں ان کے خلاف کامیاب آپریشن کیے ہیںاورملک کودہشت گردی جیسی لعنت سے قریباً پاک کردیا ہے ، ہمیں ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے اوراپنے سکیورٹی اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہوکر  سمجھنا چاہیے کہ جو عناصر ان سازشوں کے پیچھے ہیں وہ کسی طرح بھی اپنے وطن کے ساتھ نہیں ہیں ۔
گورنمنٹ اور سکیورٹی اداروں کو بھی چاہیے کہ وہ ایسے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کریں اور ان میں ملوث عناصرکے چہروں کو عوام کے سامنے
بے نقاب کریں ۔ گزشتہ دنوں فارمیشن کمانڈرز کی میٹنگ میں بھی آرمی چیف نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ فوج آئین اور قانون کی پاسداری کرے گی اور دشمنوں کے مذموم عزائم جو ملک کی افواج اور عوام میں غلط فہمیاں پھیلا رہے ہیں، ان کو بے نقاب کرے گی اور ان کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گی ۔ پاکستان کی حکومت پر بھی یہ فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے وسائل کواستعمال کرتے ہوئے ان عناصر کے خلاف کارروائی کرے اور بات کو یقینی بنائے کہ آئندہ کوئی اس طرح کی پراپیگنڈا مہم چلانے کی جرأت نہ کرے ،
پاکستان کی عوام اپنی افواج اور آئینی اداروں کے ساتھ ہے ہم نے چند عشروں میں دیکھا ہے کہ بہت سے مضبوط اسلامی ممالک میںاس طرح کی نفرت اور مذہبی منافرت کے بیج بوکر دشمنوں نے ان ملکوں میں خانہ جنگی کرائی اور ان ترقی پسند ممالک کو تباہ و برباد کر کے بہت سال پیچھے دھکیل دیا ،
عراق ، شام ،لیبیا اور لبنان انکی واضح مثالیں ہیںا نہی عزائم کے ساتھ یہ قوتیں پاکستان کے مستقبل کو تباہ کرنے کے درپے ہیں ، لیکن ان کو پتا ہونا چاہیے کہ پاکستان ایک باشعور قوم ہے جو دشمن کے ایسے پراپیگنڈا کی زد میں نہیں ہے اور اپنے اداروں کے ساتھ امن یا جنگ میں شانہ بشانہ کھڑ ی ہے۔ انشا اللہ ،دشمن کے عزائم خاک میں ملیں گے اورپاکستان ایک مضبوط اسلامی ایٹمی طاقت بن کر ابھرے گا(آمین)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button