سیاسیات

ٹکٹوں کی تقسیم، مسلم لیگ(ن) نے لاہور سے اپنے ہی بڑے بڑے برج الُٹ دیے

پاکستان مسلم لیگ(ن) نے ٹکٹوں کی تقسیم میں لاہور سے اپنے ہی بڑے بڑے سیاسی برج الٹتے ہوئے سردار ایاز صادق سمیت مزید اہم رہنماؤں کو پارٹی ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

باوثوق ذرائع نے بتایا کہ لاہورسے قومی اسمبلی کی 14 میں سے 12 نشستوں پر امیدواروں کے ناموں کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے جبکہ این اے۔117 میں استحکام پاکستان پارٹی کے ساتھ ممکنہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے امیدوار شارٹ لسٹ نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سردار ایاز صادق، رانا مشہود، میاں مرغوب احمد اور رانا مبشر قومی اسمبلی کی ٹکٹوں سے محروم ہو گئے۔

اس کے علاوہ علی پرویز ملک، سردار نصیر بھٹہ اور وحید عالم خان بھی پارٹی قیادت کو قائل کرنے میں ناکام رہے۔

مسلم لیگ(ن) نے سردار ایاز صادق اور رانا مبشر کو ضمنی انتخابات میں ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو سینٹ کے ٹکٹ کی بھی پیشکش کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ این اے۔117 سے استحکام پاکستان پارٹی کے علیم خان اور مسلم لیگ(ن) کے ملک ریاض میں سے کسی ایک امیدوار کا فیصلہ ہو گا جبکہ این اے۔118 سے حمزہ شہباز کا نام شارت لسٹ کیا گیا ہے۔

اسی طرح این اے۔119 سے مریم نواز، حلقہ این اے۔120 سے سہیل شوکت بٹ اور حلقہ این اے۔121 سے شیخ روحیل اصغر کو پارٹی ٹکٹ دیے جانے کا قوی امکان ہے۔

اسی طرح قومی اسمبلی کی نشست این اے۔122 سے خواجہ سعد رفیق، این اے۔123 سے شہباز شریف، این اے۔128 سے حافظ نعمان اور این اے۔129 سے مہر اشتیاق کو مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔124 میں استحکام پاکستان پارٹی کے عون چوہدری اور مسلم لیگ(ن) کے رانا مبشر اقبال میں مقابلہ ہے جبکہ این اے۔127 سے عطا تارڑ مسلم لیگ(ن) کے ممکنہ امیدوار ہو سکتے ہیں۔

مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف لاہور میں ممکنہ طور پر اپنے آبائی حلقے این اے۔130 سے حصہ لیں گے۔

مسلم لیگ آئندہ چند روز میں لاہور کے باقی دونوں حلقوں این اے۔117 اور این اے۔124 سے امیدواروں کا حتمی فیصلہ کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button