Column

حج عام آدمی کی پہنچ میں کیسے آئے گا؟

محمد نور الھدیٰ

ایک اکانومی عمرہ فقط3سے4لاکھ روپے میں ہو جاتا ہے جبکہ حج کیلئے اس سے کم از کم5گنا زیادہ ( ابتدائی) بجٹ درکار ہوتا ہے۔ حج میں عمرہ کی نسبت چند اضافی عبادات شامل ہوتی ہیں جن میں منیٰ ، عرفات ( وقوف عرفہ) اور قربانی شامل ہیں۔ مزدلفہ کا قیام، رمی بھی عمرہ سے اضافی عبادات ہیں جو حج کا حصہ ہیں۔ مسجد الحرام سے فرض کی تکمیل کے بعد مذکورہ اسفار و قیام بھی حج کے دیگر ارکان میں شامل ہیں۔
سوچنے کی بات یہ ہے کہ ان اضافی عوامل کی مد میں حاجیوں کو لاکھوں روپے اضافی دینا پڑتے ہیں۔ مذکورہ ارکان کے بغیر ہونے والا عمل یعنی عمرہ، جس میں رہائش، ایئرپورٹ سے آنے اور واپس جانے کا سفر، مکہ سے مدینہ اور مدینہ سے واپس مکہ کا سفر وی آئی پی پیکج کے ساتھ بھی زیادہ سے زیادہ5لاکھ سے اوپر نہیں جاتا ۔ اگر آپ نارمل (اکانومی) عمرہ پیکیج کا انتخاب کریں گے تو وہ بھی زیادہ سے زیادہ ساڑھے3لاکھ سے4لاکھ تک ہوگا، اس سے زیادہ نہیں۔
اگر حج کو دیکھا جائے تو اضافی عوامل کے ساتھ یہ بھی اتنا مہنگا نہیں ہونا چاہئے جتنا اسے کر دیا گیا ہے۔ شارٹ اور لانگ حج پیکجز کے ٹکٹ سے لے کر منیٰ، عرفات، مزدلفہ، مدینہ کے اسفار، رہائشی اخراجات اور دیگر سہولیات کا اصل ریٹس پر بریک اپ بنائیں تو یہ رقم زیادہ سے زیادہ بھی9لاکھ روپے سے اوپر نہیں جائے گی۔ وی آئی پی حج بھی ہو تو زیادہ سے زیادہ11لاکھ روپے تک بآسانی ہو جانا چاہئے۔ موجودہ حج ریٹس مکمل پیکیج کے ساتھ14لاکھ سے شروع ہو کر 30 لاکھ تک جا رہے ہیں۔ گوکہ عالمی مہنگائی کے باعث رہائش، مکاتب و مشائر اور دیگر کے اخراجات بڑھے ہیں لیکن مختلف مدات میں ٹیکسز کے اضافے نے حج کی خواہش رکھنے والوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کا کام کیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت فی حاجی ایک لاکھ روپے خرچہ بڑھا ہے۔ رہائشی اخراجات میں80فیصد، طعام میں100فیصد، ہوائی سفر کے کرایہ جات کی مد میں60فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح ٹرانسپورٹ کے اخراجات بھی ڈبل ہوئے ہیں جبکہ ویزا فیس اور دیگر سہولیات کا خرچ بھی بڑھا ہے ۔ یوں حج عام آدمی کی پہنچ سے مسلسل دور ہو رہا ہے۔
حج کی قیمت میں سالانہ بنیادوں پر ہوشربا اضافے کے تناظر میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کی وجہ ایک طرف لیکن سعودی عرب میں ٹیکسوں میں اضافہ بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔2021ء میں کرونا کی وجہ سے جب حج کو صرف سعودی باشندوں کیلئے محدود کر دیا گیا تھا تب بھی عمومی حج حکومتی اعداد و شمار کے مطابق پاکستانی حساب سے تقریباً9لاکھ روپے کا تھا جبکہ اس سے محض ایک سال قبل تک یعنی2020ء میں حج کی پاکستانی قیمت 5سے6لاکھ روپے تھی۔ بعد ازاں2سالوں میں اب یہ کم از کم15لاکھ روپے تک پہنچ چکا ہے۔ گو کہ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود حکومت پاکستان ہر سال حجاج کی سہولت کیلئے زرمبادلہ کا انتظام کرتی ہے۔ حاجیوں کو پیکیج میں اچھی خاصی سبسڈی بھی دیتی آئی ہے ۔ تاہم آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدات کی وجہ سے بھی کافی مشکلات درپیش ہیں۔ اس کے باوجود حکومت پاکستان اس امر کو یقینی بنانے کی کوشش کرتی ہے کہ حجاج کو محدود بجٹ میں حج کا موقع دیا جائے لیکن پاکستانی حکومت بھی آخر کتنی کوشش کر سکتی ہے، جب تک دوسرے ملک کی حکومت زائرین کیلئے ٹیکس فری انتظامات کے سلسلے میں تعاون نہ کرے۔
یہ کس قدر بدقسمتی ہے کہ پاکستان کو اس مرتبہ حج کا کوٹہ واپس کرنا پڑا؟۔ یہاں سوال یہ بھی پیدا ہوتا ہے کہ کیا مقامی ہوٹلز کو کنٹرول کرنے کیلئے وہاں کی حکومت کوئی حکمت عملی نہیں بنا سکتی؟ ہوٹلز کو سارا سال کمانے کا موقع ملتا ہے۔ عمرہ کی ادائیگی کیلئے پوری دنیا سے لاکھوں لوگ24/7بلا کسی تعطل کے اور مسلسل جا رہے ہیں۔ اکثر ایسا وقت بھی آتا ہے جب ہوٹلوں میں عمرہ زائرین کیلئے رہائشی گنجائش ختم ہو جاتی ہے جبکہ وہاں کے کاروباری معاملات بھی ہر وقت رننگ میں رہتے ہیں ۔ یعنی وہاں کے لوگ روزانہ کی بنیاد پر اچھا خاصہ کما بھی رہے ہیں اور منافع بھی لے رہے ہیں۔ اگر ان مخصوص دنوں ( حج کے ایام) میں انتظامی اور دیگر متفرق اخراجات حکومتی سطح پر کم بھی کر دیئے جائیں تو اس قدر منافع ہو جاتا ہے کہ اہلیان سعودیہ کئی سال آرام سے بیٹھ کر کھا سکتے ہیں لہٰذا اگر حج کیلئے بھی عمرہ کے دنوں والے ریٹ قائم رکھے جائیں تو رہائش گاہوں کے مالی استحکام میں فرق نہیں آئے گا، نہ ہی کاروباری سرگرمیوں میں کمی یا عدم استحکام پیدا ہو گا لیکن نجانے کیوں حج اور عمرہ کو سیاحت سے منسوب کرتے ہوئے اسے منافع بخش کاروبار کے طور پر لیا جانے لگا ہے۔ دنیا میں کوئی ایک ملک، کوئی ایک مقام ، کوئی ایک سفر تو ایسا ہونا چاہئے جو غیر منافع بخش اور ٹیکس فری ہو، بالخصوص اس مقدس اور مبارک سفر کو تو آسان اور قابل رسائی ہونا چاہئے۔ متعلقہ ملک کے ارباب اختیار کو اس پر سوچنا اور مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button