Editorial

ایندھن قیمتوں میں کمی، ثمرات عوام کو ملنے چاہئیں

بدترین مہنگائی کے ستائے عوام کو کافی عرصے بعد خوش خبریاں سننے کا موقع نصیب ہوا ہے۔ ایک ہی روز میں ایندھن کی قیمتوں میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کے دام کم کیے گئے، اس کے ساتھ ہی ایل پی جی کی قیمت میں بھی ریکارڈ کمی کی گئی ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئندہ 15روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت میں 8روپے فی لٹر کمی کے بعد نئی قیمت 262روپے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں 16مئی کو 30روپے کمی گئی تھی اور اس بار بھی 5روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 253فی لٹر ہوگی۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت 5روپے فی لٹر کمی کے بعد 164روپے 7پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 164روپے فی لٹر برقرار رہے گی ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اطلاق یکم جون کا آغاز ہوتے ہی ہوگیا۔ وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ دوسری جانب ایل پی جی 37روپے 13پیسے فی کلو سستی ہوگئی۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ( اوگرا) نے قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 438روپے سستا ہوگیا ہے، ایل پی جی کے 11.8کلو کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2321روپے 22 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ اوگرا کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی نئی قیمت ملک بھر میں فوری نافذالعمل ہے۔ خیال رہے کہ مئی میں ایل پی جی کے اس سلنڈر کی قیمت 2758روپے 89پیسے مقرر تھی۔ یہ اطلاعات موجودہ صورت حال میں تازہ ہوا کے خوش گوار جھونکے کی مانند ہیں۔ اس کی ضرورت بھی خاصی شدت سے محسوس کی جارہی تھی۔ پٹرولیم مصنوعات اور ایل پی جی کی قیمت میں کمی حکومت کے بروقت اور بڑے فیصلے ہیں۔ ان کے مثبت اثرات جلد دِکھائی بھی دیں گے۔ ایندھن کی قیمتوں میں بڑی کمی کیا ہوئی امریکی ڈالر بھی دھڑام سے ایک دم نیچے آتا محسوس ہوتا۔ یکم جون کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی۔ کاروبار کے اختتام پر امریکی ڈالر12روپے سستا ہوگیا۔ اس کے ساتھ ہی یوٹیلیٹی سٹورز پر گھی اور تیل کی قیمتوں میں پھر بڑی کمی کی گئی۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر مختلف برانڈ کے بناسپتی گھی کی قیمت 585روپے سے کم ہوکر 517روپے فی کلو ہوگئی، بناسپتی گھی کی فی کلو قیمت میں بھی 68روپے تک کمی کی گئی۔ اسی طرح ایک لٹر کوکنگ آئل کی قیمت 610روپے سے کم ہوکر 517روپے ہوگئی۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر کوکنگ آئل 93روپے فی لٹر تک سستا ہوگیا ہے۔ یہ تمام اوامر مہنگائی میں کمی کے ساتھ معیشت کے بہتری کی جانب گامزن ہونے کا اشارہ محسوس ہورہے ہیں۔ خدا کرے کہ ایسا ہی ہو۔ کیا ہی اچھا ہو کہ ڈالر کے دام پُرانی سطح پر واپس آجائیں۔ اسی طرح پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی پُرانی سطح پر چلی جائیں، مہنگائی کی شرح بھی چار سال پہلے کی سطح پر پہنچ جائے تو بہت سے دلدر دُور ہو جائیں گے۔ یوں ملکی معیشت کی بہتری اور غریب عوام کی خوش حالی کی راہ با آسانی ہموار ہوسکے گی، کیونکہ پچھلے پانچ برسوں میں گرانی کے باعث عوام کے لیے روح اور جسم کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔ مہنگائی دو، تین گنا بڑھ چکی جب کہ غریبوں کی آمدن وہی پُرانی ہے، اس میں کوئی اضافہ دیکھنے میں نہ آیا۔ محنت کش کس طرح اپنے گھر کا معاشی نظام چلارہے ہیں، اس کا اندازہ صرف وہی کرسکتے ہیں۔ اُنہیں کیا کیا مشقتیں برداشت نہیں کرنی پڑتیں۔ کیا کیا مصائب ان کی راہ میں حائل نہیں ہوتے۔ دوسری جانب 16روز قبل ڈیزل کی قیمت میں 30روپے اور پٹرول کی قیمت میں 12روپے کی کمی کے مثبت اثرات ظاہر ہوتے بھی دِکھائی دئیے۔ ملک بھر میں کوکنگ آئل اور گھی کے نرخوں میں واضح کمی دیکھنے میں آئی۔ قبل ازیں حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز پر گھی اور تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان بھی کیا تھا، جہاں یہ اچھا طرز عمل دِکھائی دیا، وہیں کچھ ناپسندیدہ اوامر بھی سامنے آئے، جیسے کہ ڈیزل کے نرخ میں واضح کمی کے باوجود ملک بھر میں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے عوام کو اس کا کوئی ریلیف فراہم نہ کیا جاسکا۔ اب بھی مسافروں سے وہی پرانے کرائے وصول کرنے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔ منافع خور ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ڈیزل قیمت میں کمی کا فائدہ دانستہ طور پر عوام کو پہنچانے سے گریز کیا جارہا ہے۔ یہ طرز عمل کسی طور مناسب نہیں گردانا جاسکتا۔ ٹرانسپورٹ مافیا اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہے اور عوام اب تک ریلیف سے محرومی کا شکوہ کرتے دِکھائی دیتے ہیں۔ ضروری ہے کہ ملک بھر میں متعلقہ سرکاری محکمے مسافروں سے زائد کرائے وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف اس حوالے سے باقاعدہ کریک ڈائون شروع کریں۔ یہ کارروائیاں اُس وقت تک جاری رکھی جائیں جب تک ٹرانسپورٹرز کرائے کم کرکے مناسب سطح پر نہیں لے آتے۔ دوسری جانب حکومت کی جانب سے حالیہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے فوائد عوام کو منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس ضمن میں حکومت بھی اپنا کردار ادا کرے۔ اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ جب بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو مہنگائی کی شرح ہولناک حد تک بڑھ جاتی ہے۔ کئی اشیاء کے دام ازخود بڑھا لئے جاتے ہیں۔ اب جب کہ پٹرولیم مصنوعات اور ایل پی جی کی قیمتوں میں بڑی کمی واقع ہوچکی ہے تو اس کے ثمرات قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سنہری موقع سے مہنگائی کا زور کم کرنے کی سنجیدگی سے کوششیں کی جائیں۔ ملک و قوم کے مفاد میں اُٹھائے گئے قدم یقیناً مثبت نتائج کے حامل ثابت ہوں گے۔
میرانشاہ میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ
پاکستان میں پچھلے کچھ مہینوں سے دہشت گردی کا عفریت پھر سر اُٹھاتا دِکھائی دے رہا ہے۔ اس حوالے سے خصوصاً کے پی کے اور بلوچستان میں پے درپے واقعات رونما ہورہے ہیں۔ اس لیے سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کا سر کچلنے کے لیے آپریشنز میں مصروف ہیں اور اس ضمن میں اُنہیں کامیابیاں بھی نصیب ہورہی ہیں۔ گزشتہ روز جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 2دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ میرانشاہ میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر فائرنگ سے ایک اہلکار شہید، ایک زخمی ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر جنوبی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2دہشت گرد مارے گئے، جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ دوسری جانب میرانشاہ اسپین وام میں دہشت گردوں نے پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس میں ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ حملے کے بعد فورسز نے علاقے میں آپریشن شروع کردیا۔ ملک بھر سے تمام دہشت گردوں کے خاتمے تک ان کے خلاف آپریشنز جاری رہنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ ملک دشمنی میں تمام تر حدیں عبور کرگئے ہیں۔ یہ ملک کو پھر سے بدامنی کا شکار کرنا چاہتے ہیں۔ پاک افواج ان کو ان کے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔ امن و امان کی صورت حال بڑی قربانیوں کے بعد بحال کی گئی ہے، اس کو سبوتاژ کرنے کی ہر مذموم کوشش ناکام ہوگی، پاک افواج ان شاء اللہ شرپسندوں سے ملک عزیز کو پاک کرکے ہی دم لیں گی۔ دوسری جانب میرانشاہ میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ آج بھی پولیو مہمات کو ناکام بنانے کی مذموم کوششیں کی جارہی ہیں۔ حالانکہ یہ ہمارے بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، لیکن پولیو ویکسین سے متعلق بعض عناصر نے عرصہ دراز سے من گھڑت پروپیگنڈے پھیلا رکھے ہیں، اس ویکسین سے متعلق لوگوں کے ذہنوں میں ابہام پیدا کر رکھے ہیں۔ پولیو ویکسین سے متعلق شک کا زہر اُن کی رگ رگ میں گھول رکھا ہے۔ یہ اسی پر بس نہیں کرتے بلکہ پولیو مہمات کو ناکام بنانے کے لیے پولیو ٹیموں پر حملے تک کر گزرتے ہیں۔ یہ ملک کے مستقبل کے دشمن ہیں، ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب پولیو ویکسین سے متعلق لوگوں کے ذہنوں میں موجود شبہات اور ابہام کو دُور کرنے کے لیے تمام مکاتب فکر کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ علماء اس ضمن میں اپنا کردار ادا کریں۔ میرانشاہ کی معروف شخصیات بھی آگے آئیں۔ لوگوں کو بتائیں کہ پولیو ویکسین بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچاتی ہے۔ اس کے کوئی منفی اثرات نہیں ہوتے۔ والدین کو بچوں کو پولیو ویکسین پلانے پر آمادہ کریں۔ اس حوالے سے آگہی مہمات تواتر کے ساتھ جاری رکھی جائیں۔ میڈیا بھی اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button