تازہ ترینتحریکخبریں

عدالت نے عمران خان کو دہشتگردی کے مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا

ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینےکےکیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چالان جمع کرانے سے روکتے ہوئے عمران خان کو دہشت گردی کے مقدمے میں شامل تفتیش ہونےکا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے خاتون ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے سے متعلق درج مقدمہ خارج کرنےکے لیے دائر درخواست پر  سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہرمن اللہ اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کیس کی سماعت کی۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے استفسار کیا کہ کیا پولیس نے عمران خان کے خلاف چالان جمع کرایا؟ اس پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ عمران خان مقدمے میں شامل تفتیش ہی نہیں ہو رہے، عمران خان تک پولیس کو رسائی نہیں دی جارہی۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ  یونی فارم میں کھڑا پولیس اہلکار ریاست ہے، اگرپولیس سے غلطی بھی ہوئی تو اس پرعدالت فیصلہ کرے گی، اگرہم قانون پر عمل نہیں کریں گے تو کیسے کسی اورکو قانون پرعمل درآمد کا پابندکیا جائےگا، یہ تفتیشی افسر کے لیے  بھی ایک ٹیسٹ کیس ہے،  قانون اپنا راستہ خود بنائےگا، سسٹم پر ہرکسی کو اعتماد ہونا چاہیے، اگر غلط الزام لگا ہے تو تفتیشی افسر اپنی تفتیش میں خود اسے ختم کردیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو دہشت گردی کے مقدمے میں شامل تفتیش ہونےکا حکم دیتے ہوئے پولیس کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چالان جمع کرانے سے روک دیا، عدالت نے حکم دیا کہ چالان جمع کرانے سے قبل اس عدالت میں رپورٹ جمع کرائیں، عمران خان کا بیان لیں، مقدمہ بنتا ہے یا نہیں تفتیشی افسر فیصلہ کرے۔

عدالت نے کیس کی سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کردی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button