ColumnMoonis Ahmar

ہندو قوم پرستی سے فاشزم تک .. پروفیسر ڈاکٹر مونس احمر

پروفیسر ڈاکٹر مونس احمر

معروف ہندوستانی مصنفہ اور انسانی حقوق کی کارکن اروندھتی رائے نے‎الجزیرہ ٹی وی کے ساتھ ایک انٹرویو‎ کے دوران افسوس کا اظہار کیا کہ مسلمانوں کے گھروں اور کاروبار کو خالصتاً تعزیری وجوہات کی بناء پر بلڈوز کرنے کا عمل ثبوت ہے کہ ہندوستان انتہائی ڈھٹائی سے ایک مجرم ہندو فاشسٹ مُلک میں تبدیل ہو رہا ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ گزشتہ چند مہینوں کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت والی ہندوستانی ریاستوں میں حکام نے مسلمانوں کے گھروں، دکانوں اور کاروبار کی جگہوں کو محض شک و شُبہ پر بلڈوز کرنا شروع کر دیا ہے اور حکومت مخالف مظاہروں میں ان ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے اپنی انتخابی مہم میں اس پالیسی کو فخریہ انداز میں پیش کیا ہے۔ارون دھتی رائے نے کہا کہ میرے ذہن میں، یہ اس لمحے کی نشان دہی کرتا ہے جب ایک گہرے نقائص سے بھری نازک جمہوریت — کھلے عام اور ڈھٹائی سے — ایک مجرمانہ، ہندو فاشسٹ ادارے میں زبردست عوامی حمایت کے ساتھ تبدیل ہو گئی ہے۔ اب ہم پر ایسے غنڈوں کی حکمرانی نظر آتی ہے جو ہندو بھگوان کے طور پر تیار کیے گئے ہیں۔ ان کی کتاب میں مسلمان عوام دشمن نمبر ایک ہیں۔‎ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے آغاز کے بعد سے ہندوستانی اور ہندو قوم پرستی کے درمیان دھندلی لکیر بالآخر ختم ہو گئی ہے۔

ریاستی جبر کے لگاتار واقعات ہندو قوم پرستی کے فاشزم میں تبدیل ہونے کی نشاندہی کرتے ہیں، جو تشویشناک ہے۔ 2019 میں، نئی دہلی نے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کے تحت ریاست جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت اور آرٹیکل 35A کو منسوخ کر دیا، جس نے کشمیر کی مقننہ کو ریاست کے مستقل باشندوں کی وضاحت کرنے کی اجازت دی ،اس کے بعد دسمبر 2019 کے شہریت ترمیمی ایکٹ نے مسلمانوں کو ہندوستانی شہریت کے لیے درخواست دینے کے عمل سے باہر کر دیا ۔ ابھی حال ہی میں ریاست کرناٹک نے تعلیمی اداروں میں لڑکیوں کے حجاب پہننے پر پابندی لگا دی ہے۔اس کے علاوہ، حضورﷺ کے خلاف توہین آمیز ریمارکس دینے والے بی جے پی کے اہلکاروں کے خلاف احتجاج کرنے والے ہندوستانی مسلمانوں کو ریاستی تشدد کا سامنا کرنا پڑا اور مسلم کارکنوں کے گھروں کو مسمار کر دیا گیا۔‎ ستم ظریفی یہ ہے کہ مسلح افواج میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر ملازمت کے خلاف بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہروں کے نتیجے میں مظاہروں میں شامل افراد کے گھروں کو مسمار نہیں کیا گیا، تاہم، مسلمانوں کو بخشا نہیں جاتا جب وہ ان ناانصافیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہیں جن کا وہ روزانہ سامنا کرتے ہیں۔‎یہ مسلمان شہریوں کے خلاف بھارتی حکومت کی جانبداری کو ظاہر کرتا ہے۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے بی جے پی حکومت کے دوہرے معیار اور ان لوگوں کے خلاف ان کی بے عملی پر سوال اٹھائے جو مسلح افواج پر ٹھیکہ داری کے نظام کے نفاذ کے خلاف احتجاج کر رہے تھے اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے اور ٹرینوں کو جلانے میں ملوث تھے۔ حیران کُن طور پر ان مظاہرین کو آزادی سے مظاہرہ کرنے کی اجازت دی گئی جب کہ اپنے مذہبی حقوق کے لیے مظاہرہ کرنے والے مسلمانوں کو وحشیانہ طاقت کا سامنا کرنا پڑا۔


دی اکانومسٹ کی رپورٹ ‘ہینڈز آف دی پیغمبرﷺکے مطابق شہری حقوق کے ایک کارکن ہرش میندر کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے 200 ملین مسلمان، جنہیں امید ہے کہ اُنکاغم و غصہ حکومت کو ان کے ساتھ زیادہ احترام کے ساتھ برتاؤ کرنے پر آمادہ کرے گا۔ ایک مایوسی یہ ہے کہ بیرون ملک اپنا چہرہ بچانے کے لیے بی جے پی کی حکمت عملی سے پیچھے ہٹنے سے اس کے ملک کے اندر مسلمان موقف پر کوئی اثر پڑنے کا امکان نہیں۔ اس کے بعض ارکان معمول کے مطابق مسلمانوں کے خلاف تشدد کو ہوا دیتے ہیں اور ان واقعات کا اعادہ ناگزیر لگتا ہے۔ چند مسلم ممالک کو مطمئن کرنے کے لیے جنہوں نے بڑھتی ہوئی مذہبی عدم رواداری کے لیے ہندوستان کی مذمت کی،بی جے پی نے فوری طور پر اعلان کیا کہ ان عہدیداروں کے تبصرے اس کے سرکاری موقف کی نمائندگی نہیں کرتے۔جب وہ غصے کو پرسکون کرنے میں ناکام رہا تو بی جے پی نے اس جوڑی کے خلاف کارروائی کی۔پارٹی کی قومی ترجمان نوپور شرما کو معطل کر دیا گیا اور دہلی میں اس کے میڈیا ہیڈ نوین جندال کو نکال دیا گیا۔ خلیج میں ہندوستانی سفارت کاروں نے ان دونوں کوباغی عناصر کے طور پر بیان کرتے ہوئے واقعہ کو کم کرنے کی کوشش کی۔ وزارت خارجہ نے وضاحت کی کہ ان کے خیالات حکومتی پالیسی کی عکاسی نہیں کرتے۔ان وضاحتوں سے قطع نظر بھارت تیزی سے ایک ہندو فاشسٹ ریاست کی طرف بڑھ رہا ہے جہاں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے میں ناکام رہے ہیں اور سب طاقت اور تشدد کے شو میں ملوث ہیں۔ہندوستان سے ہندو قوم پرستی اور فاشزم کی طرف منتقلی اب تین اہم وجوہات کی بنا پر منطقی انجام کو پہنچ رہی ہے۔

سب سے پہلے، بی جے پی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ ہندوستانی سیاسی منظر نامے میں کوئی سنجیدہ حریف نہیں۔2014 سے کانگریس انتخابات ہار چکی اور بی جے پی کے خلاف علاقائی پارٹیاں کانگریس اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے ساتھ انتخابی اتحاد بنانے میں ناکام رہی ہیں۔ نومبر 1984 میں، بی جے پی عام انتخابات میں صرف دو سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہوئی لیکن مئی اور جون 2019 کے انتخابات میں اس نے 300 سے زیادہ سیٹیں حاصل کیں، جو اس کے اثر و رسوخ میں نمایاں تبدیلی کو ظاہر کرتی ہے۔ بی جے پی اور شیو سینا کی جوڑی نے سنگ پریوار، بجرنگ دل اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے ساتھ مل کر 200 ملین مسلمانوں کے خلاف ایک مقدس اتحاد قائم کیا جس میں فسطائی کارروائیوں کی بدترین شکل جیسے لنچنگ، وحشیانہ ظلم و ستم اور مسلمانوں کے گھروں کو مسمار کرنا ھے ۔

 

مودی حکومت فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے بے تحاشہ استعمال اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کرنے کی اسرائیلی پالیسی کے نقش قدم پر چلتی نظر آتی ہے۔ اس سال، اپریل میں، امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا، "واشنگٹن مودی انتظامیہ، پولیس اور جیل حکام کی طرف سے بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافے کی نگرانی کر رہا ہے۔” بین الاقوامی تنقید کے باوجود مودی حکومت اپنی بات پر قائم ہے اور اس نے مسلم اقلیت کو نشانہ بنانے میں ملوث پارٹی کے غنڈوں کو قابو کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ دوسرا، فاشزم کا کلچر ہندوستانی سماج کے اندر گہرائی تک پھیلا ہوا ہے۔ مسلمانوں کے خلاف بی جے پی اور شیو سینا کی جوڑی کے پروپیگنڈے نے ہندوستانی نوجوانوں کو تشدد کی سیاست مائل کر دیا ہے۔ ہندوستانی بیوروکریسی، عدلیہ اور پولیس سبھی نے سمجھوتہ کیا ہے اور بی جے پی کے حق میں ماحول بنانے اور رائے عامہ کو بدلنے میں حصہ لیا ہے،

 

جس سے فاشسٹ کلچر کو تقویت ملی ہے۔ تیسرا، مودی حکومت بھارت کو فاشسٹ ریاست قرار دینے سے زیادہ دور نہیں ہے کیونکہ اس نے مسلسل عدم برداشت کے کلچر کو فروغ دیا ہے اور اپنے مخالفین کے خلاف وحشیانہ اقدامات کیے ہیں۔ 1930 اور 1940 کی دہائی کے درمیان جنگ کے دوران، جرمنی اور اٹلی میں بہت سے لوگوں نے فاشسٹ مظالم کے بارے میں خاموش رہنے کا انتخاب کیا اور بعد میں اقلیتوں پر ظلم و ستم کو قبول کرنے اور غیر موافق آوازوں کو ختم کرنے کے جرم اور بوجھ کو برداشت کیا۔ ہندوستان کی خاموش اکثریت کا بھی یہی حشر ہو سکتا ہے کیونکہ ہندو فاشسٹ ریاست سب کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ہو گی۔ اگر فاشزم مزید گہرا ہوا تو ہندوستان کا جمہوری اور سیکولر آئین بے کار ہو جائے گا ۔

 

نازی پارٹی کی طرح، بی جے پی تمام اپوزیشن کو ختم کریگی، آئین کو کالعدم کر دے گی اور ہندوتوا کے بہانے ایک پارٹی ریاست قائم کریگی۔ لہٰذا ، بھارت کی فاشسٹ ہندو ریاست میں تیزی سے تبدیلی کے بارے میں اروندھتی رائے کی وارننگ کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔ 2024 کے عام انتخابات میں، بی جے پی دیگر ہندو فرقہ پرست تنظیموں کیساتھ ملکر ہندوستان کو ایک ایسی ریاست میں تبدیل کرنے کے لیے اپنی ممکنہ دو تہائی اکثریت کا استعمال کر سکتی ہے جو صرف مودی حکومت کی ذہنیت اور نظریے کی عکاسی کرے گی۔

(پروفیسر ڈاکٹر مونس احمرکی انگریزی تحریر کا اُردو ترجمہ بین الاقوامی یونیورسٹی جاپان کے ڈاکٹر ملک اللہ یار خان نے کیا ہے۔)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button