سپیشل رپورٹ

فلسطینیوں پر ظلم دیکھ کر شدید مایوسی اور غصہ ہے، اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں، ملالہ

غزہ کے لوگوں کے لیے میری حمایت پر کوئی کنفیوژن نہیں ہونی چاہیے، گزشتہ 6 ماہ سے غزہ کے فلسطینیوں پر مظالم دیکھ کر شدید غصہ اور مایوسی ہے۔ یہ کہنا ہے نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی کا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں انہوں نے لکھا کہ غزہ میں جاری جنگ پر میری پوزیشن بالکل واضح ہے۔ جب ہمارے سامنے نسل کشی کی واضح مثال موجود ہو تب ہمیں فیصلہ کُن ایکشن لینے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے۔ ہم سب کو ایک ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، جہاں ہم جنگ میں جرائم کا ارتکاب کرنے والوں اور مجرموں کا احتساب کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں نصر اور الشفا اسپتال میں اجتماعی قبروں کی دریافت فلسطینیوں پر ظلم کا ایک اور باب ہے، نہیں معلوم فلسطینی یہ تکالیف کس طرح برداشت کر رہے ہیں۔ ہم مزید لاشیں، سکولوں پر بمباری اور بھوک سے تڑپتے بچوں کو نہیں دیکھ سکتے۔ غزہ میں فوری جنگ بندی انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کے عوام سے یکجہتی کے لیے ان کے ساتھ ہوں، ان کی آواز اور مطالبات سنے جانے چاہئیں، ہمیں اپنے لیڈرز پر زور ڈالنا چاہیے کہ غزہ میں جنگی جرائم رکوائیں اور ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button