انتخاباتتازہ ترینخبریں

آج پنجاب میں الیکشن کا دن، سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد نہ ہوسکا

سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق آج پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہونا تھے تاہم الیکشن کمیشن کے ہاتھ سے اس حکمنامے پر عملدرآمد کا موقع نکل گیا۔

سپریم کورٹ نے پنجاب میں 14 مئی کو صوبائی اسمبلی کے انتخابات کا حکم دیا تھا تاہم الیکشن کمیشن اس پر عملدرآمد نہ کر سکا اور واضح احکامات کے باوجود آج پولنگ کے کوئی انتظامات نہیں کیے گئے۔

الیکشن کمیشن پولنگ اسٹاف کی ٹریننگ مکمل کرچکا ہے تاہم سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کے لیے فنڈز دیے اور نہ ہی سیکیورٹی، ووٹر لسٹیں جاری ہوئیں اور نہ ہی بیلٹ پیپرز کی چھپائی ہوئی۔

سپریم کورٹ میں دوران سماعت چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال قرار دے چکے ہیں کہ 90 دن کی حد سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔

چیف جسٹس یہ بھی واضح کر چکے ہیں کہ عدالت کو اپنے فیصلے پرعمل درآمد کروانا ہے اور بڑی بڑی جنگوں کے دوران بھی الیکشن ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن سے متعلق کیس کی سماعت کل مقرر کر رکھی ہے۔ عدالت عظمیٰ میں وزارت دفاع کی جانب سے ملک میں بیک وقت الیکشن کی درخواست بھی زیر سماعت ہے جب کہ چیف جسٹس نے گزشتہ سماعت میں واضح کر دیا تھا کہ 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کا عدالتی فیصلہ برقرار ہے اگر سیاسی جماعتوں کے مذاکرات کسی نتیجے پر نہ پہنچے تو عدالت یہ فیصلہ لے کر بیٹھی نہیں رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button