انتخابات

خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی، مخصوص نشستوں پر اپوزیشن اراکین کو حلف نہیں لینے دیں گے

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کر دیے ہیں جبکہ دوسری جانب وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وہ صوبے میں مخصوص نشستوں پر اپوزیشن اراکین کو حلف نہیں لینے دیں گے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں بھی سینیٹ انتخابات منگل کے دن ہونا تھے تاہم یہ معاملہ مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین اسمبلی کا حلف نہ لینے کے باعث متنازع ہو گیا تھا۔

اس سے قبل پشاور ہائیکورٹ نے 27 مارچ میں کو سپیکر کے پی اسمبلی کو منتخب مخصوص نشستوں پر ممبران سے حلف لینے کا حکم دیا تھا تاہم سپیکر کی جانب سے نظر ثانی درخواست دائر کر دی گئی تھی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے کے پی میں سینٹ انتخابات کے انعقاد کو نو منتخب ممبران مخصوص نشست کے حلف سے مشروط کیا جا چکا تھا۔

منگل کے دن میڈیا سے پشاور میں بات کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ’ہماری سیٹیں کیسے اپوزیشن کو دی گئیں؟ آئین کے مطابق ان کا ہماری سیٹوں پر کوئی حق نہیں۔‘

علی امین گنڈاپور نے واضح کہا کہ ’اس صوبے کے اندر ہم مقابلہ کریں گے، آخری حد تک جائیں گے اور خواتین کی سیٹوں اور اقلیتوں کی سیٹوں، جن پر ہمارا حق ہے، پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔‘

وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے اعلان کیا کہ وہ اپوزیشن کے اراکین کو مخصوص نشستوں پر حلف نہیں اٹھانے دیں گے۔ ’ہم غیر قانونی لوگوں کو حلف نہیں لینے دیں گے۔ آئین کو توڑنے کی سزا آرٹیکل چھ میں سزائے موت ہے لیکن پھر بھی بار بار آئین ٹوٹ رہا ہے۔ ہم اس چیز کا حصہ نہیں بنیں گے۔‘

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ’آج ہم چند قراردادیں پاس کریں گے۔ ابھی تک سائفر پر کمیشن کیوں نہیں بنا، الیکشن میں دھاندلی پر کچھ کیوں نہیں ہو رہا، ججوں کے خط پر فل کورٹ کیوں نہیں بن رہا، ان تمام معاملات پر قراردادیں پاس ہوں گی۔‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button