تازہ ترینفن اور فنکار

ہیرا پھیری 3 میں سنجے دت کا کردار کیا ہوگا؟

بالی وڈ کی مشہور زمانہ کامیڈی فلم سیریز ’ہیرا پھیری‘ کے سلسلے کی تیسری فلم میں اس بار ایکشن ہیرو سنجے دت کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ہیرا پھیری 3 میں سنجے دت کا کردار کیا ہوگا؟ اداکار نے اب خود اس راز سے پردہ اٹھا دیا ہے۔

بھارتی اخبار کو انٹرویو میں سنجے دت نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ ہیرا پھیری 3 کا حصہ ہیں۔ فلم میں اکشے کمار، سنیل شیٹھی اور پاریش راول بھی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

سنجے دت نے فلم میں اپنے کردار کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک اندھے ڈان کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

ڈائریکٹر فرہاد سامجی کی اس فلم میں ابھرتے ہوئے اداکار کارتک آریان بھی نظر آئیں گے جبکہ فلم کی شوٹنگ لاس اینجلس، ابوظبی اور دبئی میں ہوگی۔

سنجو بابا کے نام سے مشہور اداکار نے بتایا کہ ’جی ہاں میں ہیرا پھیری 3 میں کردار نبھا رہا ہوں، جیسے ہی کاسٹنگ اور شوٹنگ کی تاریخیں طے ہوں گے شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔‘

ذرائع نے بھارتی اخبار کو بتایا کہ فلم میں سنجے دت کا کردار کافی اہم ہوگا، ان کا کردار فلم ’ویلکم‘ میں فیروز خان کے ’RDX‘ کے کردار سے ملتا جلتا ہو سکتا ہے۔

سنجے دت نے کہا کہ مجھے اس فرنچائز کا حصہ بننے پر کافی خوشی ہے، فیروز اور میرا رشتہ بھی بہت پرانا ہے، اکشے کمار، سنیل شیٹھی اور پاریش راول کے ساتھ کام کرنے کیلئے کافی پرجوش ہوں۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس اکشے کمار نے کہا تھا کہ وہ اس فلم کا حصہ نہیں ہیں جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں کہ کارتک آریان ہی اکشے کا کردار ادا کریں گے تاہم رواں برس فروری میں اکشے نے تصدیق کی کہ وہ فلم کا حصہ ہیں۔

یاد رہے کہ ہیرا پھیری سیریز کی پہلی فلم 2000ء میں ریلیز کی گئی تھی جس کے ڈائریکٹر پریادرشن تھے۔ یہ فلم دراصل 1989 میں ریلیز ہونے والی ملیالم زبان کی فلم ’رام جی راؤ‘ کا ری میک تھی۔

اس فرنچائز کی دوسری فلم 2006 میں ریلیز ہوئی جسے آنجہانی اداکار نیرج ووہرا نے لکھا اور ڈائریکٹ کیا تھا۔ یہ دونوں فلمیں سپر ہٹ ثابت ہوئی تھیں۔

شائقین توقع کر رہے ہیں کہ سنجے دت کی انٹری سے فلم مزید دلچسپ ہو جائے گی کیوں کہ سنجے ایکشن کی طرح کامیڈی میں بھی خاصی مقبولیت رکھتے ہیں۔

سنجے دت کی مقبول کامیڈی فلموں میں حسینہ مان جائے گی، جوڑی نمبر 1، ایک اور ایک گیارہ، منا بھائی ایم بی بی ایس، لگے رہو منا بھائی، دھمال، آل دی بیسٹ، نو پرابلم و دیگر شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button