تازہ ترینخبریںدنیا

نوید قمر کی یورپی پارلیمنٹ کی نائب صدر اور اراکین سے ملاقاتیں

وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے برسلز کے سرکاری دورے کے دوران یورپین پارلیمنٹ کی نائب صدر ایم ای پی ہیڈی ہوٹالا سے ملاقات کی ہے ۔ 

سید نوید قمر نے نائب صدر ہوٹالا کو پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی اور سیلاب سے پیدا ہونے والی تباہی کے بارے میں آگاہ کیا، جس کی وجہ سے سیکڑوں جانوں کا نقصان ہوا اور بنیادی ڈھانچے کو کافی نقصان پہنچا ، سیلاب سے ملک کا ایک تہائی حصہ ڈوب چکا ہے جس سے 33 ملین افراد متاثر ہوئے ہیں اور 643 بچوں سمیت 1725 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس تباہی سے 40 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان ہوا ہے جس نے ملک کے ترقیاتی ایجنڈے کو سالوں پیچھے دھکیل دیا ہے ۔ پاکستان عالمی گرین ہاؤس گیسوں میں 1 فیصد سے بھی کم حصہ چھوڑنے کے باوجود موسمیاتی بحران سے زیادہ تباہی کے شکار ملکوں میں شامل ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ملک شدید موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار  ہے اور خشک سالی، جنگلات کی آگ، شدید اور طویل گرمی کی لہروں کے ساتھ ساتھ غیر معمولی اور طویل مون سون بارشوں کا بھی سامنا ہے۔ جس کے نتیجے میں تباہ کن سیلاب آئے۔

انہوں نے پاکستان میں موسمیاتی تباہی کی صورتحال کے بعد یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک کی طرف سے یکجہتی اور حمایت  پر انکا  شکریہ ادا کیا۔

یورپی کمشنر برائے کرائسز منیجمنٹ مسٹر جینز لینارک کے ساتھ بات چیت میں وزیر تجارت نے اس ماہ کے شروع میں پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک کی جانب سے 133 ملین یورو کی اجتماعی طور پر سب سے بڑی انسانی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سول پروٹیکشن میکنزم کو فعال کرنے اور پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد کوپرنیکس ایمرجنسی سیٹلائٹ سروس کی فراہمی پر بھی تعریف کی۔

اپنی ملاقاتوں کے آخر میں، وزیر تجارت و سرمایہ کاری نے یورپی پارلیمنٹ کے کئی اہم اراکین (MEPs) کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں، بشمول MEP Tomas Zdechovsky، MEP Fabio Massimo Castaldo اور MEP Helmut Scholz شامل ہیں۔

ان ملاقاتوں کے دوران انہوں نے اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ پاکستان اور یورپی یونین کے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات سمیت وسیع تر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

یورپی پارلیمنٹ کے اراکین نے یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات پر بریفنگ دینے پر وزیر تجارت کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ پارلیمانی تبادلوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔

ان اہم ملاقاتوں کے دوران بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button