پاکستان

کوئٹہ میں 4 دہشتگردوں کی پولیس پر فائرنگ، جوابی کارروائی تمام حملہ آور ہلاک

کوئٹہ کے علاقے شالکوٹ میں 4 دہشتگردوں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کی جبکہ جوابئی کارروائی میں تمام حملہ آور مارے گئے۔

محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر 3 موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگرد کلی زرین کی ایک عمارت میں چھپ گئے تھے کس کے بعد  سی ٹی ڈی آپریشنل ٹیم موقع پر پہنچی اور عمارت کا گھیراؤ کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ آپریشنل ٹیم کی کارروائی میں تینوں دہشتگرد مارے گئے جن سے اسلحہ، گرینڈ اور موٹرسائکل برآمد کی گئی، حملہ آوروں کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ پولیس ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بہادری سے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے والی پولیس پارٹی کو سلام ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ڈی ایس پی، ایس ایچ او تھانہ نیو سریاب و دیگر اہلکاروں نے جرات کا مظاہرہ کیا، کوئٹہ پولیس کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے، دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو وطن عزیز میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

حالیہ دنوں میں بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔ اپریل میں نوشکی کے قریب تفتان جانے والی بس سے اغوا کیے گئے 9 مسافروں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ مقتولین کی لاشیں قومی شاہراہ کے قریبی پہاڑی علاقے میں پل کے نیچے سے ملی تھیں۔

مقتولین کا تعلق پنجاب سے بتایا گیا تھا۔ مسلح افراد نے سلطان چڑھائی کے قریب بس روک کر مسافروں کو اغوا کیا تھا۔ ملزمان نے ایم پی اے غلام دستگیر کے بھائی کی گاڑی کو بھی روکنے کی کوشش تھی اور نہ رکنے پر فائرنگ کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button