تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیات

تائیوان نے بھی فوجی مشقیں شروع کر دیں

تائیوان کے وزیر خارجہ جوزف وو نے کہا ہے کہ امریکی پارلیمانی سپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان پر احتجاج کا بہانہ بنا کر چین اس جزیرے پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ اس بنا پر اب تائیوانی افواج بھی فوجی مشقیں شروع کر رہی ہیں ۔

تائیوانی وزیر خارجہ نے نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ چینی فوجی مشقوں کا مقصد دراصل تائیوان پر قبضہ کرنے کی تیاری کرنا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکی پارلیمانی اسپیکر کے دورہ تائیوان کو بہانہ بنا کر چین نے فوجی مشقیں شروع کیں، جو دراصل تائیوان پر قبضے کی تیاری کی منصوبہ بندی ہے۔

تائی پے میں صحافیوں سے گفتگو میں جوزف وُو کا کہنا تھا کہ اپنی دفاعی صلاحیتوں کو چیک کرنے کی خاطر تائیوانی افواج نے بھی آبنائے تائیوان میں لائیو فوجی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔

وُو کے بقول بیجنگ حکومت موجودہ ‘اسٹیٹس کو‘ کا خاتمہ کرتے ہوئے تائیوان کو چین کے ساتھ الحاق کی کوششوں میں ہے۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ چین تائیوان پر کب حملہ کرنے کی منصوبہ بندی میں ہے۔

واضح رہے کہ ون چائنا پالیسی کے تحت بیجنگ حکومت تئیس ملین آبادی والے اس متنازعے جزیرے پر اپنا حق جتاتی ہے جبکہ تائیوان خود کو ایک آزاد ریاست قرار دیتا ہے۔ عالمی سطح پر صرف درجن بھر ممالک نے ہی تائیوان کو ایک خودمختار ملک کی حیثیت سے تسلیم کر رکھا ہے جن میں امریکہ شامل نہیں ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button