تازہ ترینخبریںپاکستان

سپریم کورٹ: آج الیکشن کمیشن کی انتخابات سے متعلق درخواست پر سماعت ہو گی

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی پنجاب میں انتخابات سے متعلق نظر ثانی درخواست پر آج سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ نظر ثانی درخواست میں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے پنجاب میں پولنگ کی تاریخ 14 مئی واپس لینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت عظمیٰ کے پاس انتخابات کی تارہخ دینے کا اختیار نہیں اور یہ کہ الیکشن کے لیے 14 مئی کی تاریخ دے کر عدالت نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ عدالت قانون کی تشریح کر سکتی ہے مگر قانون کو دوبارہ لکھ نہیں سکتی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سپریم کورٹ نے انتخابات سے متعلق اپنے فیصلے میں حاجی سیف اللہ کیس میں آرٹیکل 254 کو پری میچور استعمال کیا اس سے قطع نظر کہ اس ضمن میں سپریم کورٹ کے 11 رکنی لارجر بینچ کا فیصلہ موجود ہے جس میں لارجر بینچ نے الیکشن کو اپنے مقررہ وقت سے چار ماہ آگے بڑھانے کی اجازت دی۔

نظر ثانی درخواست میں الیکشن کمیشن نے ایک مرتبہ پھر یہ مؤقف اختیار کیا کہ حکومت کی جانب سے انھیں پنجاب میں الیکشن کے انعقاد کے لیے سکیورٹی اور مطلوبہ فنڈز فراہم نہیں کیے گئے جبکہ دو صوبوں میں پہلے انتخابات کے انعقاد کے باعث آئندہ ہونے والے قومی اسمبلی کے انتخابات شفاف نہیں ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کی اس نظرثانی درخواست پر آج سماعت کرنے والے بینچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس منیب اختر اور جسٹس اعجازالاحسن شامل ہوں گے۔

دوسری جانب چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بھی آج ہو گا جس میں چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت کے لیے اقبال حمید الرحمان کا نام زیر غور آئے گا۔ اقبال حمید الرحمان اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اور سپریم کورت کے جج رہ چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button