ColumnZameer Afaqi

ٹریفک ، سیف سٹی،یورپی نظام اور ہم , ضمیر آفاقی

ضمیر آفاقی

گزشتہ دنوں اخبارات کے صفحات پر کچھ ایسی خبریں نظروں سے گزریں جن کا تعلق لاہور کی ٹریفک پر قابو پانے سے تھا،ایک خبر وزیر اعلیٰ پنجاب جناب چودھری پرویز الٰہی کی تھی جس میں انہوں نے لاہور میں ٹریفک وارڈن بھرتی کرنے کی منظوری دیتے ہوئے اسے ٹریفک میں بہتری لانے کا عمل قرار دیا کیونکہ انہیں ایسا ہی بریف کیا گیا تھا کہ لاہور میں ٹریفک کے مسئلے کی بنیادی وجہ وارڈن کی کمی ہی ہے اور دوسری خبر میں لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں میں اضافے کی تھی ۔جرمانوں میں اضافہ کرنے کو بھی ٹریفک میں بہتری لانے کیلئے ا حسن عمل قرار دیا جارہا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا ٹریفک کے مسائل وارڈن کی مزید بھرتی کر نے اور جرمانے بڑھانے سے حل ہو جائیں گے؟ اگر ایسا سمجھا جارہا ہے توبے شک ہزار فیصد جرمانہ کر دیں اور ہر گلی محلے کی نکڑ پر ایک وارڈن کھڑا کر دیں لیکن یہ معاملہ اتنا سادہ نہیں ۔ہمارے معاشرے کے حوالے سے یہ ایک انتہائی پیچیدہ معاملہ اور مسئلہ ہے جس کی کئی وجوہات ہیں جن میں ناخواندگی، ٹریفک شعور کی کمی کے علاوہ قوانین کی پاسداری کرنا مجموعی طور پر ہم اپنی توہین سمجھتے ہیں جبکہ جو ٹریفک وارڈن موجود ہیں ان کا اپنا طرز عمل بھی کوئی اتنا بہتر اور سنجیدہ نہیں کہ وہ صرف ٹریفک کی روانی کو برقرار اور بہتر رکھنے کیلئے بھرتے کئے گئے ہیں بلکہ ان کے اور بھی کئی کام ہیں جن میں سر فہرست صرف اور صرف بنا ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے چالان کرنا یا منڈلی لگا کر گپ شپ لگانے کے ساتھ خود ساختہ ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے مختلف چوکوں چوراہوں کو ڈیوائڈر لگا کر بند کر کے ٹریفک مینجمنٹ کرنا، لفٹر کے ذریعے سڑکوں پر کھڑی گاڑیاں اٹھانا یا وی وی آئی پی کو گزارنے کیلئے ٹریفک سنگلنز بند کرنا یہ سارے عمل بھی وہ ٹریفک کی روانی کو بہتر کرنے کیلئے ہی کرتے نظر آتے ہیں، لیکن اس کے باوجود ٹریفک کا نظام دن بدن بد سے بد تر ہی ہوتا دکھائی دے رہا ہے جس کی وجوہات پر غور کرنے کی بجائے آئے روز نت نئی پابندیاں اور جرمانوں میں اضافے کو ہی مسائل کا حل سمجھا جاتا ہے۔
جب ہم دیگر مہذب معاشروں کی کوئی مثال پیش کرتے ہیں تو اس کا مطلب بھی بہتری لانا ہی ہوتا ہے ۔ یورپ میں رہنے والے یا وہاں کا سفر کر کے پاکستان آنے والوں کے مطابق آج سے 70 سے 80 سال پہلے یورپ کو بھی ایسی ہی مشکلات کا سامنا تھا، لیکن مستقل کوششوں سے یہ لوگ ایسے نظام کو وجود میں لے آئے کہ جہاں قطار توڑنے کو معیوب سمجھا جانے لگا ۔یورپ میں آج بھی جرمانے کے نام پر شہری ناک بھوں چڑھاتے ہیں اور شہر میں کئی جگہ خفیہ کیمرے والی ویگنوں کو حکومت کی اے ٹی ایم مشینیں کہا جاتا ہے۔ حکومت سالانہ ان جرمانوں کا ہدف مقرر کرتی ہے اور پھر اس کو حاصل بھی کرتی ہے اور پولیس ملازمت کا کم وبیش 10 فیصد حصہ بھی ایسے کاموں کیلئے مختص کیا جاتا ہے لیکن جن بنیادوں پریورپی ممالک کا ٹریفک نظام کھڑا ہے اس میں ڈرائیونگ لائسنس کا ایک مؤثر اور شفاف نظام بھی ہے۔
18 برس کی عمر کو پہنچنے والے ہر بچے کی کوشش ہوتی ہے کہ جونہی وہ 18 سال کا ہو تو ڈرائیونگ کا امتحان پاس کرلے۔ ڈرائیونگ کا امتحان پاس کرنے کیلئے تھیوری اور پریکٹکل پر مشتمل 2 الگ امتحان میں کامیاب ہونا ہوتا ہے۔ تھیوری کے امتحان میں پرچہ حل کرنا ہوتا ہے جس میں اشکال کی مدد سے 25 سوالات دیے جاتے ہیں. سوالوں کے آگے 2 سے 4 جز ہوتے ہیں۔ ان 25 میں سے 20 سوالوں کے ٹھیک جواب دینے والے کو پاس تصور کیا جاتا ہے، جس کے بعد پریکٹیکل یا عملی امتحان کی تیاری کیلئے آپ کو ایک تصدیق شدہ انسٹرکٹر کے ساتھ گاڑی چلانے کے چکر مکمل کرنے ہوتے ہیں۔امتحان کے دن پولیس اہلکار آپ سے عملی ٹریفک میں گاڑی چلوا کر، گاڑی پارک کروا کر، گاڑی سے متعلق عام معلومات کا زبانی امتحان لے کر، پوری طرح مطمئن ہونے کے بعد لائسنس جاری کرتا ہے۔ اس ڈرائیونگ لائسنس کو ایک شناختی کارڈ جتنی ہی حیثیت حاصل ہوتی ہے۔
پاکستان میں ان پڑھ ڈرائیور ہماری ٹریفک کے بڑے مسائل کے ذمہ دار ہیں، جس شخص کے پاس موٹر سائیکل خریدنے کے پیسے ہوں وہ موٹر سائیکل خرید کر سڑک پر نکل آتا ہے اور آہستہ آہستہ اس کو گاڑی کو کنٹرول کرنا آ ہی جاتا ہے۔ تاہم ٹریفک میں اس کا رویہ کیا ہونا چاہیے اس کا اسے ساری عمر پتا نہیں چلتا۔ لوگ بڑے دھڑلے سے ہائی بیم پر ایک دوسرے کے آمنے سامنے گاڑی چلاتے ہیں، کسی کو معلوم نہیں کہ اگر راستہ تنگ ہو تو اس پر سے گزرنے کا حق پہلے کسے ہے اور کس کا بعد میں۔ بے ہنگم طریقے سے گاڑی کو ایک طرف سے دوسری طرف لے جانا اور بند سگنل پر جلد بازی کرکے سب کو پریشان کرنا معمول ہے، اور جب بڑی مشکل سے آگے نکلتے ہیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ کسی ایک کی غلطی کی وجہ سے خالی سڑک پر ہمارا کتنا وقت ضائع ہوگیا۔کم عمر بچے دھڑلے سے موٹر سائیکلیں دوڑاتے پھرتے ہیں اور والدین فخر سے بتاتے پھرتے ہیں کہ بیٹا اب موٹر سائیکل چلانے لگ پڑا ہے، ایسے بچوں کی سڑک پر موٹر بائیک چلانے کی سمجھ کیا ہوسکتی ہے؟ یہ آپ بہتر سمجھ سکتے ہیں۔
یہاںپورے کا پورا نظام کمزور بنیاد پر کھڑا ہے، ان پڑھ ابن ان پڑھ ڈرائیور اپنی سواری کو ٹریفک کے ماحول میں لارہا ہے، لوگوں کو احساس ہی نہیں کہ قطار میں ایک دوسرے کے پیچھے چلنے میں ہی سب کی بھلائی ہے، سڑک پر لگی سفید لکیریں ماتم کرتی رہ جاتی ہیں لیکن کوئی ان کی بتائی حدود کی پاسداری نہیں کرتا۔ یورپی ممالک میں بنیادی فرسٹ ایڈ اور محفوظ ڈرائیونگ کے اطوار سیکھنا ہر ڈرائیونگ کورس کا بنیادی حصہ ہیں، اگر اسی طرز پر ہم کسی بھی مہذب ملک سے ان کا ڈرائیونگ کا تربیتی نظام کاپی کرکے اپنے ہاں لاگو کرلیں تو ہمارے نظامِ ٹریفک کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کی جاسکتی ہے۔ اب یہاں بھی پچھلے کچھ سالوں سے ڈرائیونگ کے امتحان کے وقت کچھ ٹریفک کے اشارے پوچھنے اور گاڑی میں بٹھا ایک کھلے میدان میں آگے پیچھے کروا کر مہارت چیک کرنے کا سلسلہ آغاز ہوا ہے جو خوش آئند ہے لیکن عموی طور پر اس کو بہتر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔اور جب بنیادوں میں کچھ بہتری آجائے تو ہر شہری کی اسطاعت کے مطابق بھاری جرمانے کرنے میں کوئی حرج نہیں، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ہر ملزم کے خلاف اس کی معاشرے میں سماجی حیثیت، مقام اوراس کی گاڑی کے سائز اور برانڈ کو بھلا کر ای چالان کے ٹکٹوں کا اجرا کیا جائے۔
دوسری جانب ہمیں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کی طرف زیادہ توجہ دینی چاہیے کیونکہ جن ملکوں میں سرکاری اہلکاروں پر ہی انحصار کیا جاتا ہے وہاں بھی اب یہ سوچ پروان چڑھتی جارہی ہے کہ سو سپاہیوں سے بہتر ہے دس سیکورٹی کیمرے لگا دیئے جائیں جو نہ رشوت لیتے ہیں اور نہ ہی وہ ظلم و تشدد کرتے ہیں۔ بلکہ ایک سپاہی سے زیادہ اچھی کار کردگی کامظاہرہ کرتے ہیں۔اب یہی دیکھ لیجیے جن ملکوں نے ان جدید آلات اورکیمروں سے کام لینا شروع کر دیا ہے وہاں کانظام حکومت بہتر کار کردگی کامظاہرہ کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ ٹریفک کانظام ہو یا دوسرے عوامل سب اچھے طریقے سے سر انجام پارہے ہیں کہا جاتا ہے کہ روایتی انداز میں سکیورٹی اہلکاروں پر ہی انحصار کیا جانا کم خرچ تصور کیا جاتا ہے۔ کچھ عرصہ پیشتر ہمارے ہاں سیف سیٹی پراجیکٹ اس ضمن میں بہترین کام کر رہا تھا نہ جانے کن وجوہات کی بنا پر اس کی راہ میں روڑے اٹکائے گئے یا اٹکائے جارہے ہیں کہ اچھا خاصا بہتر ہوتا ٹریفک کا نظام پھر خرابی کی طرف گامزن ہے۔ وقت کاتقاضا ہے کہ ٹریفک کے معاملات پر نظر رکھنے کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ سے استفادہ کیا جائے۔ کیمروں کی تنصیب اور ہر حرکت کو ریکارڈ کرکے نگرانی کے نظام سے ٹریفک حادثات کے دوران اموات میں کمی۔ ٹریفک کی خلاف ورزیوں پر اقدامات کے ذریعے سے آمدنی میں اضافہ۔ شفاف نظام ، اور معاملات بہتر انداز میں چلا کر عوام کے اعتماد کو جیتا جا سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button