تازہ ترینخبریںسیلاب

دورہ پاکستان کا مقصد عالمی برادری سے مدد کی اپیل ہے ، یو این سیکریٹری جنرل

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ دورہ پاکستان کا مقصد عالمی برادری سے پاکستان کے لیے مدد کی اپیل ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کمیونٹی کو براہ راست پاکستان کی مدد کرنی چاہیے۔

یو این سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ محبت کا رشتہ ہے، پاکستانی عوام کو مشکل میں دیکھ کر افسوس ہوا۔پاکستان میں سیلاب کے باعث تباہی پر افسوس ہے، پاکستان کے متعدد علاقوں میں غیر معمولی بارشیں ہوئیں۔

اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی مستقبل کا نہیں، آج کا خطرہ ہے، موسمیاتی تبدیلی کو سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے متاثر ہو رہا ہے، لوگ قحط اور سیلاب کے باعث مر رہے ہیں، زہریلی گیسوں کے اخراج میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی طویل عرصے تک مہمان نوازی پر پاکستان لائق تحسین ہے۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان ان ملکوں میں شامل ہے جن کو موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر حکام سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ یو این سیکریٹری جنرل کا دورہ ہمارے لیے باعث افتخار ہے۔پاکستان میں سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی کا سامنا ہے، ریسکیو ورکرز 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب کے باعث 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔سیلاب نے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ میں تباہی مچائی، بچوں، خواتین سمیت 1300 افراد جاں بحق ہوئے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کا پھیلاؤ ایک بڑا چیلنج ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button