انتخاباتتازہ ترینخبریں

جولائی کے ضمنی انتخابات، پی پی 7راولپنڈی کا ایک جائزہ

لاہور (رپورٹ فیصل اکبر ) راولپنڈی کے صوبائی حلقہ پی پی 7میں مسلم لیگ نون نے پی ٹی آئی کے منحرف رکن صوبائی اسمبلی راجہ صغیر کو میدان میں اتارا ہے ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے کرنل ریٹائرڈ شبیر اعوان ہیں۔

راجہ صغیر احمد نے عام انتخابات میں آزاد امیدوار کے طور پر کامیابی حاصل کی اور پھر تحریک انصاف کاحصہ بن کر بالآخر منحرف ہوگئے۔

عام انتخابات میں اس حلقے سے مجموعی طور پر پانچ امیدوار مدمقابل تھے جن میں راجہ صغیر احمد واحد آزاد امیدوار تھے ، وہ 44ہزار286ووٹ لیکرپہلے، مسلم لیگ نون کے راجہ محمد علی 42ہزار 382ووٹ لیکر دوسرے،

تحریک انصاف کے غلام مرتضیٰ ستی 40ہزار332ووٹ لیکر تیسرے، تحریک لبیک پاکستان کے منصور ظہور 15ہزار38ووٹ لیکر چوتھے، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے چودھری محمد ایوب 9ہزار247ووٹ لیکر پانچویں اور متحدہ مجلس عمل کے تنویر احمد 2ہزار474ووٹ لیکر چھٹے نمبر پر رہے۔ 17جولائی کو پی پی 7میں ایک بار پھر انتخابی میدان سجے گا۔

مسلم لیگ نون نے اپنے سابقہ امیدوار راجہ محمد علی کی بجائے منحرف رکن صوبائی اسمبلی راجہ صغیر احمد کو ٹکٹ جاری کیا ہے، پاکستان تحریک انصاف نے ان کے مقابلے میں محمد شبیر اعوان کو میدان میں اُتارا ہے۔

تحریک لبیک پاکستان نے ایک بار پھر اس حلقے سے منصور ظہور کو ٹکٹ دیا ہے جنہوں نے عام انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا، ۔ تنویر احمد یہاں سے جماعت اسلامی کے امیدوار ہیں جو عام انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کے ٹکٹ سے امیدوار تھے اور جماعت اسلامی متحدہ مجلس عمل کا حصہ تھی۔

راجہ وسیم احمد اور نزاکت حسین بطور آزاد امیدوار اِس حلقہ سے امیدوار ہیں۔ یہاں 2018کے عام انتخابات میں 2لاکھ 98ہزار908رجسٹرڈ ووٹر تھے لیکن ان کی تعداد اب3لاکھ 35ہزار295ہوچکی ہے جن میں1لاکھ71ہزار464مرد اور 1لاکھ 63ہزار831خواتین ووٹرز ہیں۔صوبائی الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے لیے تیار کردہ پولنگ سکیم میں پولنگ سٹیشنوں کی مجموعی تعداد268 مقرر کی ہے ،مردحضرات اور خواتین کے لیے29,29پولنگ سٹیشن قائم کیے جائیں گے جبکہ 210پولنگ سٹیشن کمبائن ہوں گے جہاں مردو خواتین اکٹھے ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔

انتخابی عمل کے لیے یہاں268پریزائیڈنگ افسران، 701اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور 701ہی پولنگ افسران تعینات کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button