تازہ ترینخبریںپاکستان

ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کوایک بار پھرعہدے سے ہٹادیا گیا، نوٹی فکیشن جاری

لیگی رہنماؤں کے خلاف کرپشن کیسز کی پیروی کرنے والے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کو ایک بار پھرعہدے سے ہٹادیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کو ایک بار پھر عہدے سےہٹا کر ڈی جی آگاہی نیب ہیڈکوارٹر تعینات کیا گیا ہے، جس کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

قائم مقام چیئرمین نیب نے تبادلوں کی منظوری دے دی ہے، جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق مرزا سلطان کو نیا ڈی جی نیب لاہور تعینات کیا گیا ہے اس سے قبل وہ نیب سکھر کےعہدے پر کام کررہےتھے ان کی جگہ ڈی جی آپریشن مسعود عالم خان کو ڈی جی نیب سکھر تعینات کردیا گیا ہے۔

یہ دوسری بار ہے کہ جب شہزاد سلیم کو ڈی جی نیب لاہور کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے، اس سے قبل گریڈ 21 کے افسر شہزاد سلیم کو گزشتہ برس تئیس دسمبر کو تبادلہ کر کے اویئرنیس اینڈ پریونشن (اے اینڈ پی) ڈویژن نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں تعینات کیا گیا تھا۔

ان کی جگہ گریڈ اکیس کے ہی جمیل احمد کو ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور تعینات کیا گیا تھا جو اس سے قبل وفاقی سیکریٹری سمیت اہم ذمہ داریاں ادا کرچکے تھے، تاہم سابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال جمیل احمد کی کارکردگی سے ناخوش تھے، جس کے باعث چار ماہ بعد ہی سلیم شہزاد کا دوبارہ نیب لاہور جبکہ جمیل احمد کا نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد تبادلہ کردیا گیا۔

یاد رہے کہ شہزاد سلیم حالیہ برسوں میں سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، ان کے بھائی اور موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے اہلِ خانہ کی مبینہ بدعنوانی کے مقدمات کی بھرپور پیروی کی وجہ سے سرخیوں میں بھی رہے۔

ان کے دور میں ہی مسلم لیگ (ق) کے قائدین چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الہٰی اور مونس الہٰی اور ان کے اہلِ خانہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور غیر قانونی تعیناتیوں کی انکوائریز بند کی گئی تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button