تازہ ترینتحریکخبریں

ویڈیو: حسن نواز کے دفتر کے باہراحتجاج، ن لیگ اور پی ٹی آئی کارکنان آمنے سامنے

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے حسن نواز کے دفتر کے باہر مظاہرہ کررہی ہے، جہاں ن لیگ اور پی ٹی آئی کارکنان آمنے سامنے آگئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت کا اجلاس لندن میں جاری ہے، جس کیلئے وزیراعظم شہباز شریف اور وزراء بھی لندن میں موجود ہیں۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکن حسن نواز کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیلئے جمع ہونا شروع ہوئے تو اس کے جواب میں مسلم لیگ ن کے کارکن بھی وہاں پہنچ گئے، جس کے بعد دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی شروع ہوگئی۔

اوورسیز پاکستانی چور  چور امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے لگاتے  رہے، جبکہ ن لیگی ارکان بھی تحریک انصاف کے خلاف نعرہ بازی کرتے رہے، اس موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لئے پولیس بھی موجود ہے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت کا اجلاس سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کے دفتر میں ہونا تھا، تاہم تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث اجلاس کا مقام تبدیل کرتے ہوئے اسے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔

نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی نامعلوم مقام پر ہوئی ہے، ملاقات کے بعد نواز شریف کی سربراہی میں ن لیگی رہنماؤں کا اجلاس بھی جاری ہے جس میں خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب، رانا ثناءاللہ سمیت دیگر  رہنما موجود ہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button