تازہ ترینخبریںخواتین

ماہ رخ چوہان نے سب سے کم عمر آفیسر بن کر تاریخ رقم کردی

بہاولپور سے تعلق رکھنے والی 23 سالہ ماہ رخ چوہان نے سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) کا امتحان پاس کر کے پاکستان کسٹمز سروس گروپ میں شامل ہونے والی سب سے کم عمر آفیسر بن کر تاریخ رقم کردی۔

ماہ رخ سی ایس ایس2021 میں 73 واں نمبر لینے میں کامیاب ہوئیں، اور انہیں  پاکستان کسٹمز سروس میں شامل کیا گیا۔

اس کارنامے کے ساتھ وہ ناصرف اس سال کسٹمز سروس میں شامل ہونے والی سب سے کم عمر آفیسر بن گئیں بلکہ پاکستان کسٹمز کی تاریخ میں بھی وہ کم عمر ترین آفیسر ہیں۔

ماہ رخ چوہان میجر (ریٹائرڈ) محمد اختر عابد چوہان کی بیٹی ہیں،ان کا تعلق  تحصیل کھاریاں سے ہیں، والد کی ملک بھر میں پوسٹنگ کی وجہ سے انہیں بہت سے اسکول بدلنا پڑے لیکن انہوں نے اپنی کامیابی کا سفر جاری رکھا۔

اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں ماہ رخ نے بتایا کہ انہوں نے اپنی پہلی کوشش میں سی ایس ایس کا امتحان پاس کیا اور مقابلے کے امتحان کی تیاری کے لیے کسی اکیڈمی میں بھی داخلہ نہیں لیا، از خود مطالعے سے وہ یہ کارنامہ سر انجام دینے میں کامیاب رہیں۔

سی ایس ایس کے سالانہ امتحان 2021 میں کل 17 ہزار 240 امیدوار شامل تھے اور ان میں ٹیسٹ اور انٹرویو کے بعد محض 207 افراد کا انتخاب کیا گیا۔

پورے پاکستان سے ان 207 امیدواروں میں 134 مرد جبکہ 73 خواتین کا نام شامل تھے۔

ماہ رخ نے اپنی تعلیم کے حوالے سے بتایا کہ انہوں  نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)، اسلام آباد سے اکاؤنٹنگ اور فنانس میں بی ایس کیا۔

ماہ رخ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اُن کا آخری سمسٹر عالمی وبا کی وجہ سے وقت پر مکمل نہیں ہو سکا۔

سی ایس ایس امتحان کے حوالے سے سوال کے جواب میں ماہ رخ نے بتایا کہ یہ علم یا مہارت سے زیادہ اعصاب کا امتحان ہے، آپ امتحان میں جتنا زیادہ پریشر برداشت کر سکتے ہیں، آپ کی کامیابی کے امکانات اتنے ہی زیادہ ہوں گے۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کے خاندان کا تعلق کھاریاں سے ہے لیکن وہ اپنے والد کی ریٹائرمنٹ کے بعد ملازمت کی وجہ سے گزشتہ 10 برسوں سے بہاولپور میں مقیم ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button