مرنے سے پہلے ڈرگز آزمانے کی خواہش ہے، مرینہ خان

سینئر اداکارہ و ہدایت کارہ مرینہ خان نے انکشاف کیا کہ وہ مرنے سے پہلے ایک بار ڈرگز آزمانے کی خواہش رکھتی ہیں۔
مرینہ خان کا شمار پاکستان کی نامور شوبز شخصیات میں ہوتا ہے، انہوں نے ’تنہائیاں‘، ’دھوپ کنارے‘ اور ’جیکسن ہائٹس‘ سمیت متعدد ڈراموں کے ذریعے شہرت حاصل کی۔
اداکارہ نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔
گفتگو کے دوران مرینہ خان نے کہا کہ شارجہ میں میچز ہو رہے تھے، جہاں انہیں، شہناز، لیلیٰ زبیری اور شکیل صاحب کو مدعو کیا گیا تھا، وی آئی پی سیلیبرٹی پویلین سے میچ دیکھنا ایک عجیب سا احساس تھا، کیونکہ انہوں نے کبھی خود کو سیلیبرٹی تصور نہیں کیا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میچ کے بعد جب وہ شہناز کے ساتھ گاڑی میں دن کی روشنی میں باہر نکلیں تو اچانک اندھیرا سا چھا گیا، کیونکہ گاڑی لوگوں کے ہجوم میں گھر چکی تھی، میچ ختم ہوتے ہی شائقین کا ہجوم باہر آ گیا، جیسے ہی گاڑی نے حرکت کی، اردگرد لوگ جمع ہونے لگے، تب ہمیں اندازہ ہوا کہ مشہور ہونا کیسا ہوتا ہے، یہ ایک حیران کن اور غیر معمولی تجربہ تھا۔
احمد علی بٹ نے مرینہ خان سے سوال کیا کہ کوئی ایسی چیز ہے جسے وہ آزمانا چاہتی ہوں، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ انہیں ڈرگز کو ایک بار آزمانے کا شوق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ جاننا چاہتی ہیں کہ لوگ اس کے پیچھے اتنے پاگل کیوں ہوتے ہیں اور اس میں کیا کشش ہے جو انہیں متاثر کرتی ہے۔
مرینہ خان کے مطابق ان کی فیملی ایک آزاد خیالی رکھنے والی تھی، جہاں کسی چیز پر سختی نہیں تھی، لیکن چونکہ وہ خود ڈرتی تھیں، اس لیے کبھی ایسا قدم نہیں اٹھایا، تاہم اب چونکہ عمر گزر چکی ہے تو دل میں خیال آتا ہے کہ مرنے سے پہلے ایک بار آزما ہی لوں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کسی نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ پہلے بھنگ آزما لیں، لیکن پھر انہوں نے یہ سنا کہ منشیات کے استعمال کے بعد انسان اپنے قابو میں نہیں رہتا، اسی لیے انہوں نے کبھی اس کا تجربہ نہیں کیا اور اگر کبھی آزمانے کا سوچا بھی تو وہ اپنے قریبی لوگوں کی موجودگی میں ہی ایسا کریں گی۔