
بھارتی میڈیا کے مطابق ایئرلائن اندیگو کی سیکڑوں پروازیں منسوخ ہونے کے سبب ایک نوبیاہتا جوڑے کو اپنی ہی استقبالیہ تقریب میں ویڈیو کال کے ذریعے شریک ہونا پڑا کیونکہ وہ وقت پر دوسرے شہر نہیں پہنچ سکے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق میدھا کشرے ساغر اور سنگرام داس 23 نومبر کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے، اِن کا استقبالیہ 3 دسمبر کو ہبلی میں رکھا گیا تھا۔
جوڑے نے بھوبنیشور سے بنگلورو اور وہاں سے ہبلی آنے کے لیے پروازیں بک کروا رکھی تھیں مگر پروازیں مسلسل تاخیر کا شکار ہونے کے بعد آخرکار 3 دسمبر کی صبح منسوخ ہو گئیں۔
چونکہ مہمان پہلے ہی میرج ہال میں جمع ہو چکے تھے اور تمام انتظامات مکمل تھے تو تقریب ملتوی کرنے کے بجائے دلہن کے والدین نے وہ نشستیں سنبھال لیں جو جوڑے کے لیے مخصوص تھیں جبکہ دلہا اور دلہن نے تقریب میں آن لائن شامل ہو کر مہمانوں سے مبارکباد وصول کی۔







