
لاہور: اوورسیز پاکستانیوں کے زیرِ انتظام معروف ادارے ایشیئن امریکن اسپورٹس کلب نے پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے لاہور چیپٹر کا افتتاح کردیا ہے، جہاں ملک کے باصلاحیت اور مستحق کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی ٹریننگ، اسکالرشپس اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
نیویارک سے خصوصی طور پر آئے چیئرمین سڈ صدیقی، صدر عامر رسول اور اربن ڈیویلپرز کے میان عثمان نے میڈیا بریفنگ میں کلب کا جامع منصوبہ پیش کیا۔ سد صدیقی نے بتایا کہ تنظیم چین، بھارت، یو اے ای، بنگلادیش اور دیگر ایشیائی ممالک میں اداروں سے الحاق کر رہی ہے تاکہ اسپورٹس، تعلیم، صحت اور نوجوانوں کی ترقی کے شعبوں میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔
سڈ صدیقی نے کہا: "ہمارا مشن یہ ہے کہ ہم پاکستان کے مستحق اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی کریں، انہیں پیشہ ورانہ تربیت دیں، تعلیمی مدد فراہم کریں اور عالمی سطح کے مقابلوں کیلئے تیار کریں۔” انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی اس پلیٹ فارم کے ذریعے وطن کیلئے عملی خدمات انجام دینا چاہتے ہیں۔
میڈیا بریفنگ میں اعلان کیا گیا کہ سینٹرل پارک لاہور AASC کا پاکستان میں پہلا باضابطہ الحاق شدہ ادارہ بن گیا ہے، جو اپنے جدید ترین اسپورٹس انفراسٹرکچر کے ذریعے ٹریننگ کیمپس، ایتھلیٹ ڈیولپمنٹ پروگرامز اور مستقبل کے بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی کرے گا۔







