
اسرائیل کے وزیرِ توانائی کا کہنا ہے کہ آج صبح ایرانی میزائل حملوں کے بعد ملک میں تقریباً آٹھ ہزار افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔
ایلی کوہن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکام نے ’بجلی کی تنصیبات کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کی صورت میں پہلے ہی تیاریاں‘ کر رکھی تھیں اور آئندہ تین گھنٹوں میں وہ بجلی کی فراہمی بحال کر دیں گے۔
اس سے قبل اسرائیل الیکٹرک کارپوریشن (آئی ای سی) نے ملک کے جنوب میں ’ایک سٹریٹجک مقام پر نقصان‘ کی اطلاع دی تھی جس کے سبب متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی۔
اسرائیلی کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ ’آئی ای سی کی ٹیمیں متعدد مقامات کی طرف بھیج دی گئی ہیں اور ان کا مقصد جلد از جلد بجلی کی فراہمی بحال کرنا ہے۔‘