ظالم اسرائیل کو سزا ضرور ملے گی

ظالم اسرائیل کو سزا ضرور ملے گی
ایران کے ہاتھوں ناجائز ریاست اسرائیل کو تاریخ کی بدترین ہزیمت ملنے والی ہے۔ کسی آزاد ملک کی خود مختاری اور سلامتی کو چیلنج کرنے کی غلطی اسرائیل کو بھاری پڑنے لگی ہے۔ ایران نے تابڑ توڑ اور بھرپور قوت کے ساتھ حملوں کے ذریعے اسرائیل کی اینٹ سے اینٹ بجا ڈالی ہے۔ ظالم ملک میں عمارتیں اور اہم تنصیبات تباہ ہوگئی ہیں۔ غزہ کی تباہی پر خوشیوں کے شادیانے بجانے والا اسرائیل سٹپٹایا ہوا ہے۔ فلسطین میں مسلمانوں کی بدترین نسل کشی پر پھولے نہ سمانے والا اب اپنے لوگوں کی جانیں بچانے کے لیے سرگرداں ہے۔ بنکرز میں پہنچا رہا ہے۔ اسرائیلی عوام میں خوف و ہراس ہے۔ ایرانی حملوں نے اُن کی نیندیں اُڑا ڈالی ہیں۔ اتنے عرصے سے کہاں تھے، اُن کا ملک فلسطینیوں کی زندگی بنایا ہوا ہے۔ گزشتہ روز ایران کی جانب سے اسرائیل پر بڑا میزائل حملہ کیا گیا۔ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ جاری ہے، ایران کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے جواب میں اب تک کا سب سے بڑا میزائل حملہ کیا گیا ہے، میزائلوں کی 8ویں بارش کے بعد تل ابیب، مقبوضہ بیت المقدس اور حیفہ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، میزائل حملے کے بعد حیفہ پاور پلانٹ میں آگ لگ گئی، ایرانی حملوں میں کم از کم 8اسرائیلی ہلاک اور 100سے زائد زخمی ہوگئے۔ میزائل حملے سے اسرائیلی شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، وسطی اسرائیل میں بجلی بند ہوگئی، حیفہ اندھیری میں ڈوب گیا۔ صیہونی فوج نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی۔ اسرائیلی میڈیا نے بھی ایران کی جانب سے اسرائیل پر یہ اب تک کا سب سے بڑا حملہ قرار دے دیا جبکہ اسرائیلی دفاعی نظام ایرانی میزائلوں کو روکنے میں ایک بار پھر ناکام رہا، اسرائیلی اخبار ہیرٹز کے مطابق شمالی اسرائیل میں بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ ایران کے تل ابیب پر حملوں میں امریکی سفارتخانے کی ایک برانچ سمیت متعدد عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا۔ مزید برآں ایران کی پاسداران انقلاب نے تل ابیب پر بڑا حملہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایران کی پاسداران انقلاب نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اسرائیلی شہری تل ابیب سے نکل جائیں کیوں کہ وہاں بڑا حملہ کرنے والے ہیں۔ پاسداران انقلاب کی نئی قیادت نے بیان میں مزید کہا کہ ہمارا ہدف عسکری تنصیبات اور حکومتی مراکز کو نشانہ بنانا ہے جبکہ اپنے تازہ ترین پہلے باضابطہ بیان میں ایرانی مسلح افواج نے ایک فیصلہ کن اور طے شدہ فوجی مرحلے کی آغاز کا اعلان کیا ہے۔ تہران ٹائمز کے مطابق ترجمان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’ اصل کارروائیاں’’ اب شروع ہورہی ہیں۔ ہم نے حالیہ دنوں میں اسرائیل کے فوجی اور دفاعی مراکز، صیہونی رجیم کی فیصلہ سازی کے دفاتر، ملٹری اور جوہری عہدیداروں کی رہائش گاہوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے جو جرائم شروع کیے ہیں، اس کا انجام شکست فاش اور پچھتاوے کے علاوہ کچھ اور نہیں ہوگا، اگر آپ یہ انتباہ نظرانداز کرتے ہیں تو آنے والے دن آپ کے لیے مزید کٹھن ہوسکتے ہیں۔ دوسری طرف ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ایرانی فوج نے تبریز میں ایک اور اسرائیلی ایف 35طیارہ مار گرایا۔ دوسری جانب برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران نے ثالثی کے کردار ادا کرنے والے ممالک قطر اور عمان کو واضح طور پر بتادیا ہے کہ وہ اسرائیل کے حملوں کے دوران جنگ بندی پر کوئی مذاکرات نہیں کرے گا۔ ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان نئے حملوں کا تبادلہ ہوا، جس سے وسیع تر جنگ کا خدشہ مزید بڑھ گیا ہے۔ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایرانی حکام نے قطری اور عمانی ثالثوں کو مطلع کیا ہے کہ وہ تب ہی سنجیدہ مذاکرات کی طرف بڑھیں گے جب وہ اسرائیل کے پیشگی حملوں کا مکمل جواب دے دیں گے۔ عہدیدار نے مزید کہا کہ ایران نے واضح کر دیا ہے کہ جب تک اس پر حملے جاری ہیں، وہ مذاکرات نہیں کرے گا۔ ایرانی عہدیدار نے کہا، میڈیا میں چلنے والی رپورٹس غلط ہیں کہ ایران نے قطر اور عمان سے کہا ہے کہ وہ امریکا سے جنگ بندی یا جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے بات چیت کرائیں جب کہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کا ایٹمی ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم وہ جوہری توانائی اور تحقیق کے اپنے حق کا بھرپور انداز میں دفاع کرے گا۔ غیرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے قوم سے اپیل کی کہ ہر اختلاف، مسئلے اور رکاوٹ کو آج پس پشت ڈال دینا چاہیے اور ہمیں اس نسل کش مجرمانہ جارحیت کے خلاف اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہونا ہوگا۔ صدر پزشکیان نے کہا کہ اسرائیل جتنا آگے بڑھے گا، ردعمل اتنا ہی سخت اور شدید ہوگا۔ ہم کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کریں گے اور اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ ادھر اسرائیل کی جانب سے جاری حملوں کے تناظر میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو اہل خانہ سمیت تہران میں واقع ایک زیر زمین پناہ گاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ ناجائز ریاست اسرائیل دُنیا کے امن کا دشمن ہے۔ مسلمانوں سے اس کو خاص بیر ہے، اس لیے مسلم ملکوں کے ساتھ جان بوجھ کر تنازعات کو ہوا دیتا ہے۔ کسی بڑی طاقت کی شہ پر خود کو دُنیا کا ٹھیکیدار سمجھتا ہے، جہاں مرضی ہو، حملے کر گزرتا ہے۔ ایران نے اپنی خود مختاری پر حملہ آور ہونے والے کو اُس کی اوقات یاد دلادی ہے۔ اسرائیل فلسطینی مسلمانوں پر ظلم و ستم کی تمام حدیں پار کرنے کے بعد ایران کو فلسطین بنانا چاہتا تھا، لیکن اس مقصد میں یہ ناکام رہے گا۔ ایران اس کے غرور و تکبر کو ضرور پاش پاش کرے گا۔ قدرت کی مدد اُس کے شاملِ حال ہوگی۔ اسرائیل کو اب تک کیے گئے تمام مظالم کی سزا ملے گی۔ پچھلے ڈیڑھ سال کے دوران 50ہزار سے زائد فلسطینی مسلمانوں کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ اسرائیل کو اپنے کیے کی سزا ضرور بھگتنا ہوگی اور اس ظالم کی داستان تک نہ ہوگی داستانوں میں۔
پنجاب کا ٹیکس فری بجٹ پیش
ملک بھر میں بجٹ کا موسم آیا ہوا ہے۔ وفاق اور سندھ و خیبر پختونخوا کے بجٹ پیش کیے جاچکے ہیں۔ وفاق کے پیش کردہ بجٹ کو متوازن اور عوام دوست قرار دیا جارہا ہے۔ گزشتہ روز ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کا ٹیکس فری بجٹ پیش کیا گیا، جس کو ہر جانب سے سراہا جارہا اور اس کے توصیف کی جارہی ہے۔ تنخواہوں میں اضافے کے ساتھ صحت اور تعلیم کے بجٹ میں بڑا اضافہ کیا گیا ہے، جسے ہر لحاظ سے احسن قدم قرار دیا جاسکتا ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے کا سال 26۔2025کیلئے 5ہزار 335ارب روپے کا بجٹ پیش کر دیا۔ بجٹ وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے پیش کیا۔ صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ گریڈ 1سے 22تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ کر رہے ہیں جبکہ پنشن کی مد میں 5فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ کم سے کم ماہانہ تنخواہ 37ہزار سے بڑھا کر 40ہزار روپے کرنے کی تجویز ہے۔ ٹیکس وصولیوں کاہدف 524اعشاریہ 7ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ترقیاتی بجٹ میں 47اعشاریہ 2فیصد اضافہ کرکے 12سو 40ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ تعلیم کے بجٹ میں 21عشاریہ 2فیصد اضافہ کرکے148ارب، صحت کا بجٹ 17فیصد اضافہ کرکے 181ارب کر دیا گیا، زراعت 80ارب، مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے کیلئے 764.2ارب مختص، کرنٹ اکائونٹ خسارہ سرپلس میں بدل چکا ہے۔ صحافیوں، میڈیا ورکرز کو اپنی چھت دینے کیلئے 40کروڑ کی رقم مختص کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ غیر ملکی فنڈڈ منصوبوں کیلئے171اعشاریہ 7ارب روپے رکھے گئے۔ ہائوسنگ اربن ڈیولپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ کے بجٹ میں 226فیصد، ٹرانسپورٹ کے بجٹ میں 205فیصد، بلدیہ کے بجٹ میں 28فیصد، زراعت کے بجٹ میں 11فیصد، جنگلات، فشریز کے بجٹ میں 41 فیصد اضافہ، ادویہ کے بجٹ میں 41فیصد جبکہ انوائرمنٹ پروٹیکشن کے بجٹ میں 44فیصد اضافہ، ڈیولپمنٹ کے بجٹ میں47اعشاریہ 2فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ پنجاب کا بجٹ ہر لحاظ سے عوام دوست اور متوازن ہے۔ اس کے ذریعے غریب عوام کی مشکلات میں بڑی کمی آئے گی۔