
پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے گجرات میں دئیے گئے حالیہ بیان کا سخت نوٹس لیا ہے اور کہا ہے کہ ایک ایٹمی ملک کے وزیراعظم سے اس طرح کے بیان کی توقع نہیں تھی۔
ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ بیان کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری اسلحہ رکھنے والی ریاست کے رہنما کی حیثیت سے بھارتی وزیر اعظم سے سنجیدگی کی توقع کی جانی چاہیے۔
بیان میں کہا گیا کہ لیکن انہوں نے اس کی بجائےگجرات میں ریلی سے اپنے خطاب میں پھر ڈرامہ بازی کی ، بھارتی وزیر اعظم کی طرف سے اس موقع پر تشدد پر ابھارنے کا نفرت انگیز بیان نہ صرف اپنے مواد بلکہ اس وجہ سے بھی تشویشناک ہے کہ یہ خطے میں پہلے سے موجود عدم استحکام کی صورت حال میں ایک اور خطرناک مثال ہے۔
بھارتی قیادت کی طرف سے سنجیدگی اور معقولیت سے تسلسل کے ساتھ گریز افسوسناک ہے۔ عالمی برادری بھارت کی طرف سےاشتعال انگیز بیان بازی میں اضافے ، علاقائی استحکام اور دیرپا امن کے امکانات کو نقصان پہنچانے کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔
بیان میں بھارتی وزیر اعظم کے اشتعال انگیز بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئےاسے انتخابی مہم کے دوران ماری گئی بڑھک قرار دیا گیا ہے