ملکی ترقی کے لیے ہر کوئی اپنے حصے کی شمع جلائے

پاکستان اللہ رب العزت کا عظیم تحفہ ہے۔ اسے اسلامی دُنیا کی پہلی ایٹمی قوت ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ اللہ رب العزت کا ہم پر خاص کرم و عنایات ہیں کہ وطن عزیز وسائل سے مالا مال ہے۔ یہاں کی زمینیں جہاں سونا اُگلتی ہیں، وہیں ملک کے طول و عرض کی زمینوں میں قدرت کے عظیم خزینے مدفن ہیں۔ کوئلہ، سونا، تانبا، پٹ سن، جپسم، گندھک اور کئی قیمتی معدنیات کے خزانوں کی کھوج اور دریافت جاری رہتی ہے۔ تیل اور گیس کے وسیع ذخائر بھی ان زمینوں میں پوشیدہ ہیں۔ نت نئے ذخائر کی دریافت کے حوالے سے بھی ہر کچھ عرصے بعد خوش خبری ملتی ہے۔ ملک کی آبادی کا 60فیصد سے زائد حصّہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ باصلاحیت نوجوان کسی بھی ملک کو ترقی و خوش حالی سے ہمکنار کرانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ ہمارے نوجوان ناصرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی کامیابیوں کے جھنڈے تیزی سے گاڑنے میں مصروف ہیں۔ دُنیا بھر کے اہم اداروں میں ہمارے نوجوان خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ وطن عزیز اور اس کے عوام پچھلے کچھ برسوں کے دوران تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزرے ہیں۔ ماضی میں ہمیں بدترین دہشت گردی کا سامنا رہا۔ ملک کے طول و عرض میں روزانہ کی ملک دشمن عناصر اپنی مذموم کارروائیوں میں درجنوں زندگیوں کے چراغ گل کردیتے تھے۔ پاکستان نے سانحۂ آرمی پبلک اسکول پشاور کے بعد تن تنہا دہشت گردی کے عفریت پر قابو پایا اور تمام دہشت گردوں کا خاتمہ کردیا، لیکن پچھلے ڈھائی تین سال سے پھر سے فتنۃ الخوارج کے دہشت گرد چیلنج بنے ہوئے ہیں، جن کے خلاف ہماری سیکیورٹی فورسز نبردآزما ہیں اور بڑی کامیابیاں سمیٹ رہی ہے۔ ہماری سیکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج کو مذموم مقاصد میں کسی طور کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔ وہ ان کا پوری طرح صفایا کر دیں گی۔ کچھ ہی عرصے میں تمام فتنۃ الخوارج کا خاتمہ ہوجائے گا۔ پچھلے کچھ عرصے سے قوم نے ترقی کی جانب سفر شروع کیا ہے تو ملک کو ترقی و خوش حالی سے ہمکنار کرنے کے لیے ہر کسی کو اپنے حصّے کی شمع ضرور جلانی چاہیے۔ یہ حب الوطنی کا تقاضا بھی ہے اور وقت کی اہم ضرورت بھی ہے۔ نوجوان ملک و قوم کی قسمت بدلنے کی پوری اہلیت رکھتے ہیں اور ہمارے نوجوان ان شاء اللہ کچھ ہی سال میں اپنی شبانہ روز محنتوں سے ایسا کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ اسی ضمن میں گزشتہ روز آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی اظہار خیال کیا ہے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ پاک کا عطا کردہ ایک انمول تحفہ ہے، جس کو اللہ نے بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے، ہمیں کبھی بھی اپنے عقیدہ، اسلاف اور معاشرتی اقدار کو نہیں بھولنا چاہیے۔ آرمی چیف نے بہاولپور میں طلبہ سے بات چیت کرتے ہوئے زور دیا کہ ملکی ترقی کے لیے ہم میں سے ہر کسی نے اپنے حصے کی شمع جلانی ہے اور بلاوجہ تنقید کے بجائے اپنی توجہ خود کی کارکردگی اور فرائض پر مبذول رکھنی ہے، جب تک عظیم مائیں اپنے بچے پاکستان پر نچھاور کرتی رہیں گی اور یہ قوم بالخصوص نوجوان اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، کوئی بھی ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے پیچھے ایک منظم غیر قانونی اسپیکٹرم ہے، جس کی پشت پناہی کچھ مخصوص عناصر کرتے ہیں، جب بھی ریاست ان پر ہاتھ ڈالتی ہے تو آپ کو ان کے جھوٹے بیانیوں کی آواز سنائی دیتی ہے۔ آرمی چیف نے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں بہتری کیلئے پاک فوج کے اقدامات کو بھی اجاگر کیا، طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے آرمی چیف نے زور دیا کہ وہ لگن کے ساتھ تعلیمی عمل مکمل کریں اور قومی ترقی میں بامعنی کردار ادا کرنے کے لیے تعلیمی مہارتیں حاصل کریں، انہوں نے پاکستان کے مستقبل کی تشکیل میں نوجوانوں کے اہم کردار کی بھی تعریف کی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں میں بہتری کے لیے فوج کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا فرمانا بالکل بجا ہے۔ اُنہوں نے جو کچھ کہا، اُن کا فرمایا ہر ایک لفظ سچ اور حق کے مترادف ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے پیچھے منظم غیر قانونی اسپیکٹرم کی نشان دہی کی ہے۔ محب وطن قوم ایسے عناصر کو بخوبی پہچان چکی ہے اور اب اُن کا بھرپور ردّ کرتی ہے۔ ملک و قوم کے لیے بلاشبہ پاک افواج کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ آرمی چیف نے تعلیم کے حوالے سے بالکل درست کہا ہے۔ تعلیم ہی ترقی کا زینہ ہے۔ ہر طالب علم کو لگن و محنت سے علمی مدارج طے کرنے چاہئیں، اپنی صلاحیتوں کو پہچاننا اور انہیں نکھارنا چاہیے، تاکہ آگے چل کر وہ ملک و قوم کے کام آسکیں۔ آرمی چیف کی جانب سے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں بہتری کے لیے فوج کی مکمل حمایت کا عزم ہر لحاظ سے قابل تحسین ہے۔
ذخیرہ اندوزوں کیخلاف
سخت کریک ڈائون ناگزیر
پچھلے دو ڈھائی ماہ کے دوران ملک میں چینی کی قیمتیں ہوش رُبا حد تک بڑھ چکی ہیں۔ چینی کی قیمت میں اس دوران 30 سے 35روپے اضافہ ہوچکا اور اب چینی کی قیمت 165روپے تک جاپہنچی ہے۔ اس کے علاوہ رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی ملک میں مہنگائی کو بڑھاوا دینے والا مافیا بھی سرگرم ہوگیا ہے۔ ہر شے کے دام آسمان پر پہنچا دئیے گئے۔ خصوصاً پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں مائونٹ ایورسٹ سر کرنے لگیں۔ یہ غریبوں کی جیبوں پر بھرپور نقب لگانے کا برسہا برس پُرانا ہتھکنڈا ہے، جو ماہ صیام ایسے مقدس مہینے میں پوری شدّت کے ساتھ آزمایا جاتا ہے۔ اس بار مرکزی حکومت مہنگائی مافیا کو لگام دینے کے لیے کمربستہ ہے اور اس ضمن میں اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ مہنگائی مافیا (گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں) کو عوام کو لوٹنے نہیں دیا جائے گا۔ مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند رکھنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس ضمن میں ہدایت جاری کردی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک میں چینی اور دیگر اشیائے خورونوش کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کے حوالے سے حکمت عملی بنانے، چینی کی قیمتیں کنٹرول کرنے کے لیے سخت اقدامات کرنے اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اشیائے خورونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں چینی کی سپلائی اور قیمت کنٹرول کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ مہینوں میں حکومت نے چینی کی اسمگلنگ پر سخت کارروائی کی، جس سے چینی کی اسمگلنگ کے خاتمے میں مدد ملی، وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر عام آدمی کو سستے داموں اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنائیں۔ وزیراعظم کا چینی کی قیمتیں کنٹرول کرنے سمیت ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت لائق تحسین ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم کی ہدایت پر مِن و عن عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہی۔ ماہ صیام میں عوام کو سسستے داموں اشیاء کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ ذخیرہ اندوزوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے۔ ان کے خلاف اقدامات کیے جائیں۔ دوسری جانب روزانہ کی بنیاد پر ملک کے طول و عرض میں تمام مارکیٹوں کا متعلقہ انتظامیہ کے ذمے داران دورہ کریں اور سرکاری نرخ سے زائد پر اشیاء بیچنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں، سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے، تاکہ وہ اس ناپسندیدہ مشق سے باز آسکیں۔