پنجاب اسمبلی کا افتتاحی اجلاس کل صبح دس بجے طلب
پنجاب اسمبلی کا افتتاحی اجلاس جمعے کے روز صبح 10 بجے ہو گا جس میں نومنتب ارکان پنجاب اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔
اجلاس کی صدارت سپیکر پنجاب اسمبلی سردار سبطین خان کریں گے۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں کیا گیا ہے تاہم نگران حکومت نے اس بارے میں اسمبلی سیکرٹریٹ کو زبانی طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
اسمبلی سیکریٹریٹ نے افتتاحی اجلاس کے حوالے سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ نواز نے پنجاب اسمبلی میں سب سے زیادہ 137 نشستیں حاصل کی ہیں، جبکہ اسمبلی میں آزاد امیدواروں کی تعداد 138 ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کا دعوٰی ہے کہ پنجاب اسمبلی کے تقریباً 20 آزاد ارکان نے ان کی جماعت میں شمولیت اختیار کر لی ہے اور انھیں حکومت قائم کرنے کے لیے سادہ اکثریت حاصل ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے پنجاب کے وزارتِ اعلی کے لیے مریم نواز کو نامزد کیا گیا ہے۔