‘کل بانی پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ میں پیشی بہت بڑا ایونٹ ہوگا’

سابق وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کل بانی پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ میں پیشی بہت بڑا ایونٹ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر فواد چوہدری نے 9مئی مقدمات میں مختلف عدالتوں میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9مئی کو ملتان میں موجود نہیں تھا لیکن ملتان سمیت مختلف شہروں کی عدالتوں میں پیش ہورہاہوں، مجھے شٹل کاک بنادیا گیا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مالیاتی اسکینڈلزمیں نواز شریف ، زرداری خاندان کے نام جگمگاتے نظرآتےہیں، پانامہ کے کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جاتا تو یہ نہ ہوتا۔
سابق وزیر نے کہا کہ جن کی جائیدادیں ملک ملک سے باہر ہیں ان کوکوئی فرق نہیں پڑتا ، عوام کے دکھوں کا مداوا صرف بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک سے پیشی پر ان کا کہنا تھا کہ کل بانی پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ میں پیشی بہت بڑا ایونٹ ہوگا، سپریم کورٹ کا آرڈر ہے اس کوکوئی کیسے جھٹلا سکتا ہے۔
سابق وزیر نے مزید کہا کہ معاشرے کو اشتعال کی طرف نہ لیکر جائیں، وزیر دفاع کہیں بھی بات کرتے ہوئے سوچتے سمجھتے نہیں ، بیانات سے انتشار کی طرف نہ لیکر جائیں،تلخیاں نیچے لیکر آئیں۔