سیاسیات

مقدمات کا سامنا کر کے تھک گئے، بہتر ہے اب سزائیں دیں: شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مقدمات کا سامنا کر کر کے تھک گئے ہیں، بہتر ہے اب سزائیں دیں اور جان چھوڑیں۔

راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے خلاف کوئی گواہی نہیں، میں نے اسلام آباد کی 3 عدالتوں میں پیش ہونا ہے، حکومت کا انجن دھواں دے رہا ہے، 30 جون سے سیاست میں بڑی تبدیلی آئے گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات پر سب کہہ رہے ہیں کہ جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے، اس ملک میں انصاف کا مذاق بنایا جا رہا ہے، انصاف کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے، اس ملک میں لوگوں کو عدلیہ سے انصاف کی امید ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں پی ٹی آئی میں شامل نہیں ہوں، میرا تعلق بانیٔ پی ٹی آئی سے ہے، مہنگائی کے خلاف لوگ ایسے ہی نکلیں گے جیسے کشمیر اور راولا کوٹ میں نکلے۔

راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرزاق ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے شیخ رشید کی مقدمات سے بریت کی درخواست دائر کی ہے، شیخ رشید پر مقدمات کی آئندہ سماعت اڈیالہ جیل میں ہو گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button