انتخابات

’وہ سمجھتے ہیں کہ اگر تحریک انصاف کے امیدوار میدان میں رہے تو لاڈلوں کی کامیابی ممکن نہیں ہو گی‘

بلوچستان سے تحریک انصاف کے رہنما اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سمیت پارٹی کے درجنوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں۔

قاسم خان سوری کوئٹہ سے قومی اسمبلی کی نشست پر امیدوار تھے۔ تحریک انصاف بلوچستان کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری عالم خان کاکڑ نے بات کرتے ہوئے قاسم خان سوری کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میرے سمیت پارٹی کے بلوچستان سے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر 80 فیصد سے زائد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں۔‘

انھوں نے بتایا کہ کوئٹہ سے جن دیگر رہنمائوں اور عہدیداروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں ان میں سالار خان کاکڑ، حاجی سیف اللہ، صفیہ کاکڑ، نور خان خلجی اور عنایت کاکڑ شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ضلع کوئٹہ کی جس نشست سے میں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے وہاں سے نہ صرف میرے بلکہ پارٹی کے پانچ دیگر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کو بھی مسترد کیا گیا۔‘

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’یہ بات ہر ایک کو معلوم ہے کہ تحریک انصاف کے رہنمائوں اور کارکنوں کے کاغذات نامزدگی کیوں مسترد کیے گئے ہیں۔

’وہ سمجھتے ہیں کہ اگر تحریک انصاف کے امیدوار میدان میں رہے تو لاڈلوں کی کامیابی ممکن نہیں ہو گی اس لیے پارٹی کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے-‘

عالم خان کاکڑ نے کہا کہ ’ہم ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کے خلاف ٹریبونلز میں جائیں گے اور ہم لاڈلوں کا مقابلہ کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button