پاکستان

نو مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور عمل درآمد کرنے والوں کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا: ترجمان افواجِ پاکستان

پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے آئی ایس پی آر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سانحہ نو مئی خود ساختہ اور تنگ نظر انقلاب لانے کی ایک ناکام کوشش تھی۔ اس دن کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور عمل درآمد کرنے والوں کے ساتھ نہ تو کوئی سمجھوتہ ہو سکتا ہے اور نہ ہی انھیں ملک کے قانون کی دھجیاں اڑانے کی اجازت دی جائے گی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس نے سانحہ نو مئی (یوم سیاہ) کی شدید مذمت کی ہے۔

بیان کےمطابق نو مئی سیاسی طور پر متحرک اور مخصوص ذہن سازی کرنے والے شرپسندوں نے بغاوت کی، اس روز جان بوجھ کر ریاستی اداروں کے خلاف تشدد کا سہارا لیا گیا۔

بیان کے مطابق ’شرپسند عناصر نے جان بوجھ کر ریاست کی مقدس علامتوں پر توڑ پھوڑ کی۔ شرپسند عناصر کا مقصد ملک میں خود ساختہ اور تنگ نظر انقلاب لانے کی ناکام کوشش تھی، مسلح افواج نےانتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا اور تخریب کاروں، سرغنوں کے ساتھ ساتھ ان کے منصوبہ سازوں کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنا دیا۔‘

بیان میں کہا گیا کہ قومی ہم آہنگی اور استحکام کو نقصان پہنچانے میں ناکام ہو کر اس سازش کے منصوبہ ساز، سہولت کاروں اور اس پر عمل کرنے والوں نے مسلح افواج اور ریاست کے خلاف نفرت کی ایک مذموم مہم شروع کر دی تاکہ بیانیے کو اپنے فائدے کے لیے موڑ دیا جائے اور الزام ریاستی اداروں پر ڈالا جائے۔

بیان کے مطابق ’یہی وجہ ہے کہ سانحہ نومئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور عمل درآمد کرنے والوں کے ساتھ نہ تو کوئی سمجھوتہ ہو سکتا ہے اور نہ ہی انھیں ملک کے قانون کی دھجیاں اڑانے کی اجازت دی جائے گی۔‘

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق نو مئی کے اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہے کہ مستقبل میں کوئی بھی اس طرح کے غیر ضروری اقدام کے ذریعے ہمارے ہیروز کی یادگاروں اور ہمارے اتحاد کی علامتوں کی بے حرمتی کرنے کی جرات نہ کرے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے اور پاکستان کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے اپنے عزم کی آج پھر تجدید کرتی ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج کا پاکستانی عوام کے ساتھ بہت خاص رشتہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button