انتخابات

عمران خان سمیت ملک بھر میں پی ٹی آئی کے متعدد امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد

پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے کاغذاتِ نامزدگی لاہور کے بعد میانوالی سے بھی مسترد ہونے کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں اور سابق رکنِ پارلیمان کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کیے جانے کے حوالے سے پیغامات شیئر کیے جا رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے تاحال اس حوالے سے تفصیلی فہرست تو جاری نہیں کی گئی ہے لیکن انفرادی طور پر ریٹرننگ افسران کی جانب سے مختلف حلقوں میں امیدوار کو آگاہ کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کی جانب سے شائع کی گئی ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں میں سے تقریباً 90 فیصد کاغذاتِ نامزدگی مسترد کر دیے گئے ہیں۔ اس دعوے کی حوالے سے الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا گیا ہے تاہم کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا ساؤتھ کے ریجنل صدر اور سابق رکنِ پارلیمان شاہد خٹک کے مطابق ان کے کاغذاتِ نامزدگی ان پر موجود مقدمات کے باعث مسترد کیے گئے ہیں اور وہ اس کے خلاف اپیل کریں گے۔

این اے 166 سے پی ٹی آئی کی امیدوار کنول شوذب کے مطابق ان کے کاغذاتِ نامزدگی اس لیے مسترد کیے گئے کیونکہ ان کے تائید کنندہ اور تجویز کنندہ کو حراست میں لیا گیا اور حراساں کیا گیا۔

پی ٹی آئی کی وکلا ٹیم کے رکن نعیم پنجوتھا کے مطابق ان کے کاغذاتِ نامزدگی پی پی 80، پی پی 71 اور این اے 82 سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے تاہم یہ مسترد کر دیے گئے۔

این اے 83 اسامہ میلہ کی جانب سے بھی ٹویٹ کیا گیا ہے ان کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کر دیے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی اور یاسمین راشد کے کاغذاتِ نامزدگی بھی مسترد کر دیے گئے۔ اس کے علاوہ سابق وزیر اور رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان کے کاغذاتِ نامزدگی این اے 23 سے مسترد کیے گئے جبکہ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے کاغذاتِ نامزدگی بھی مسترد کر دیے گئے ہیں۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’عوام سے کہتا ہوں ہم ڈرے نہیں ہیں آپ لوگوں نے ظلم کا بدلہ ووٹ سے لینا ہے۔‘

اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ کی جانب سے متعدد ایسی ویڈیوز بھی جاری کی گئی ہیں جن میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ مختلف حلقوں سے امیدواروں کے تجویز اور تائید کنندگان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق صنم جاوید کے کاغذاتِ نامزدگی بھی مسترد کروا دیے گئے ہیں جبکہ تیمور سلیم جھگڑا کی جانب سے جاری ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ ان کے کاغذاتِ نامزدگی قومی اور صوبائی اسمبلی سے مسترد کر دیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی کے ترجمان رؤف حسن کی جانب سے جاری بیان میں کاغذاتِ نامزدگی مسترد کرنے کے اس سلسلے کی مذمت کی گئی ہے اور الیکشن ٹریبیونلز میں اسے چیلنج کرنے کا اعادہ کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button