تازہ ترینتحریکخبریں

آج بھی ہم خفیہ طور پر آئے ہیں ، عمران خان کا عدالت میں بیان

چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان حفاظتی ضمانت کے سلسلے میں لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہو گئے۔

عمران خان لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ کی عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔اسلام آباد کے 5 مقدمات میں عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواستوں کی لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس انوار حسین پر مشتمل 2 رکنی سپیشل بینچ سماعت کر رہا ہے۔

دورانِ سماعت عمران خان کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آفس نے دوبارہ حفاظتی ضمانت دائر کرنے کااعتراض کیا تھا، عدالت نے آج تک کی حفاظتی ضمانت منظور کی تھی، اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف سیاسی مقدمات بنائے گئے ہیں، دوبارہ حفاظتی ضمانت میں بہت کم مارجن ہوتا ہے، حفاظتی ضمانت اس لیے مانگ رہے ہیں تاکہ اسلام آباد جا سکیں، عمران خان کو سیکیورٹی نہیں ملی ہوئی۔

جسٹس طارق سلیم نے کہا کہ ہمیں قانون دکھائیں کہ دوبارہ حفاظتی ضمانت دی جاسکتی ہو، ابھی تک ماضی میں ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہے، نہ ہی روایت ہے کہ حفاظتی ضمانت دوبارہ دی گئی ہو۔عمران خان کے وکیل نے کہا کہ ہمیں خود سمجھ نہیں آ رہی کہ کیسے ضمانتیں لیں۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ آج عموماً 2 رکنی بینچ نہیں ہوتا، بہتر ہے کہ یہ درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کریں۔

اس موقع پر عمران خان خود روسٹرم پر آ گئے جنہوں نے کہا کہ میں جب اسلام آباد گیا تو تمام راستے بند تھے، آج بھی ہم خفیہ طور پر عدالت آئے ہیں، اسلام آباد جاتے ہوئے آنسو گیس چلی، لوگوں پر لاٹھی چارج ہوا، ہمیں اسلام آباد سے واپس ہونا پڑا، ایسا تو پہلے کبھی نہیں ہوا، میں تو وہاں سے جان بچا کر نکلا تھا۔

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ ہم آج صرف ایک ورکنگ ڈے مانگ رہے ہیں تاکہ اسلام آباد جا سکیں۔عدالت نے سرکاری وکیل سے سوال کیا کہ کیا آپ کو اس پر اعتراض ہے؟سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ ہمیں درخواست پر اعتراض ہے۔

عدالت نے کہا کہ ہم درخواست پر آفس کے اعتراض کو جوڈیشل سائیڈ پر دیکھیں گے۔لاہور ہائی کورٹ نے آفس کو ہدایت کی کہ عمران خان کی درخواستوں کو نمبر لگایا جائے۔

عدالتِ عالیہ نے آفس کی جانب سے درخواستوں پر نمبر لگانے تک سماعت ملتوی کر دی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button