تازہ ترینخبریںپاکستان

عوامی تحریک نے شہباز شریف کا بیان مضحکہ خیز قرار دے دیا

پاکستان عوامی تحریک نے وزیر اعظم شہباز شریف کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان ہی کے حکم پر ماڈل ٹاؤن کا گھیراؤ کیا گیا۔

ترجمان پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے جاری ردعمل میں کہا گیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق شہباز شریف کا گھیراؤ کرنے کے حوالے سے بیان مضحکہ خیز ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے 9 سال بعد پہلی بار یہ درفنتنی چھوڑی ہے، اصل حقیقت یہ ہے کہ اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے حکم پر ہی ماڈل ٹاؤن کا محاصرہ کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ شہباز شریف کے حکم پر محاصرہ کرکے بے گناہوں کا قتل عام کیا گیا، شہباز شریف کے خلاف10 شہریوں کو قتل کرنے کی ایف آئی آر درج ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں8سال گزر جانے کے بعد بھی اب تک تفتیش مکمل نہیں ہوئی، جن ملزمان پر قتل کی ایف آئی آر درج ہے انہیں گرفتار کیوں نہیں کیا جاتا؟

واضح رہے کہ 17جون 2014ء کو سانحہ ماڈل ٹاؤن پیش آیا تھا۔ جس میں پولیس نے ادارہ منہاج القرآن پر دھاوا بولا اور نہتے کارکنان پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 14 بے گناہ شہری جاں بحق اور تقریباً 80 افراد زخمی ہوئے، ہلاک شدگان میں خواتین بھی شامل تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button