Column

وائٹ ہائوس میں فائرنگ کا واقعہ

اداریہ۔۔۔۔

وائٹ ہائوس میں فائرنگ کا واقعہ

واشنگٹن ڈی سی میں واقع وائٹ ہائوس کے اندر کوریسپونڈنٹ ڈنر کے دوران پیش آنے والا فائرنگ کا واقعہ محض ایک سیکیورٹی ناکامی نہیں بلکہ جدید عالمی سیاست، بڑھتی ہوئی بے یقینی اور سیاسی تشدد کے رجحانات کی ایک تشویشناک علامت کے طور پر سامنے آیا ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، خاتون اول میلانیا ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور دیگر اعلیٰ حکام ایک اہم تقریب میں شریک تھے۔ اچانک فائرنگ کی آوازوں نے پورے ہال کو ہلا کر رکھ دیا اور سیکیورٹی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صدر اور دیگر اہم شخصیات کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ آور کو موقع پر ہی قابو کر کے گرفتار کر لیا گیا، جبکہ مختلف میڈیا رپورٹس میں متضاد دعوے بھی سامنے آئے، جن میں بعض نے اس کی ہلاکت کی خبر دی، تاہم بعد میں صدر ٹرمپ نے خود اس بات کی تصدیق کی کہ حملہ آور زندہ گرفتار ہے۔ یہ صورت حال اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ہنگامی حالات میں معلومات کی ترسیل اور میڈیا کی ذمے داری کتنی اہم ہوجاتی ہے، کیونکہ غیر مصدقہ اطلاعات نہ صرف عوامی بے چینی میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ عالمی سطح پر غلط فہمیاں بھی پیدا کرتی ہیں۔ یہ واقعہ اس اعتبار سے بھی اہم ہے کہ یہ وائٹ ہاس جیسے انتہائی محفوظ اور حساس مقام کے اندر پیش آیا، جہاں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جاتے ہیں۔ اس سے یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور سخت ترین حفاظتی اقدامات کے باوجود ایسے واقعات کیسے رونما ہوسکتے ہیں۔ سیکریٹ سروس کے اہلکاروں نے فوری ردعمل کا مظاہرہ کیا، جس سے ایک ممکنہ بڑے سانحے کو ٹال دیا گیا، تاہم یہ حقیقت اپنی جگہ موجود ہے کہ خطرات اب پہلے سے زیادہ پیچیدہ اور غیر متوقع ہو چکے ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ صدارت کا منصب دنیا کے خطرناک ترین عہدوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات انہیں اپنے سیاسی اور عالمی موقف، خصوصاً ایران جیسے حساس معاملات پر سخت موقف اختیار کرنے سے نہیں روک سکتے۔ ان کے مطابق بعض عناصر سیاسی اختلافات کو تشدد میں بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔ یہ امر بھی قابلِ غور ہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی پہلے ہی عروج پر ہے۔ ایران کے جوہری پروگرام، مشرق وسطیٰ میں اثر و رسوخ اور امریکی پابندیوں جیسے معاملات دونوں ممالک کے درمیان تنائو کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ صدر ٹرمپ کی حالیہ سخت بیانات اور ایران کو دی جانے والی دھمکیاں پہلے ہی عالمی سطح پر تشویش کا باعث تھیں اور اب اس واقعے نے صورت حال کو مزید حساس بنا دیا ہے۔ عالمی برادری، خصوصاً پاکستان سمیت کئی ممالک نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے امریکی صدر اور دیگر شرکاء کی سلامتی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کی قیادت نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسم کا تشدد نہ صرف قابلِ مذمت ہے بلکہ یہ سفارتی تعلقات اور عالمی امن کے لیے بھی خطرناک ہے۔ اس ردعمل سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان خود کو ایک ذمے دار ریاست کے طور پر پیش کر رہا ہے، جو امن اور استحکام کے فروغ میں دلچسپی رکھتا ہے۔ واقعے کی تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ حملہ آور کا تعلق ریاست کیلیفورنیا سے ہے اور اس کی شناخت 31سالہ کول ٹامس ایلن کے طور پر ہوئی ہے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق وہ ایک تعلیم یافتہ شخص تھا اور تدریسی و تکنیکی شعبوں سے وابستہ رہا ہے۔ اس کے باوجود اس نے اس قدر سنگین اقدام کیوں کیا، اس بارے میں ابھی تک کوئی واضح محرک سامنے نہیں آیا۔ یہ پہلو اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ جدید معاشروں میں ذہنی دبائو، سیاسی انتہا پسندی اور سماجی عدم توازن کس طرح خطرناک نتائج پیدا کر سکتے ہیں۔ یہ واقعہ صرف ایک فرد یا ایک واقعے تک محدود نہیں بلکہ یہ عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے اس رجحان کی عکاسی کرتا ہے جہاں سیاسی اختلافات بتدریج تشدد میں تبدیل ہورہے ہیں۔ امریکا، جو خود کو جمہوریت اور امن کا علمبردار سمجھتا ہے، وہاں اس طرح کا واقعہ اس بات کی علامت ہے کہ کوئی بھی معاشرہ اندرونی خطرات سے مکمل طور پر محفوظ نہیں۔ مزید برآں، یہ واقعہ سیکیورٹی اداروں کے لیے بھی ایک لمحہ فکریہ ہے۔ وائٹ ہائوس جیسے حساس مقام پر اس نوعیت کا واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ موجودہ حفاظتی نظام کو مزید جدید اور موثر بنانے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی ساتھ، یہ بھی ضروری ہے کہ انفرادی سطح پر ذہنی صحت، سماجی انصاف اور سیاسی برداشت کے کلچر کو فروغ دیا جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ صدر ٹرمپ کا یہ بیان کہ وہ نارمل زندگی گزارنے کی کوشش کرتے ہیں اور ایسے خطرات کے بارے میں زیادہ نہیں سوچنا چاہتے، اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اعلیٰ سیاسی قیادت کو روزانہ غیر معمولی خطرات کا سامنا رہتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ایسے واقعات کو اپنی پالیسیوں سے پیچھے ہٹنے کا سبب نہیں بننے دیں گے، جو ان کے سخت سیاسی موقف کی عکاسی کرتا ہے۔ آخر میں یہ کہنا بجا ہوگا کہ وائٹ ہاس کا یہ واقعہ نہ صرف امریکا کے اندرونی سیکیورٹی نظام کے لیے ایک چیلنج ہے بلکہ عالمی سیاست کے لیے بھی ایک وارننگ ہے۔ یہ واقعہ ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ دنیا میں امن صرف طاقت سے نہیں بلکہ مکالمے، برداشت اور سفارتی توازن سے قائم رہ سکتا ہے۔ اگر عالمی طاقتیں اس حقیقت کو تسلیم کر لیں تو شاید ایسے واقعات میں کمی آ سکے۔ موجودہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ تمام ممالک مل کر نہ صرف دہشت گردی اور سیاسی تشدد کے خلاف متحد ہوں بلکہ عالمی سطح پر ایک ایسا ماحول پیدا کریں جہاں اختلاف رائے کو دشمنی میں تبدیل نہ کیا جائے۔ یہی واحد راستہ ہے جس کے ذریعے دنیا کو مزید محفوظ، مستحکم اور پرامن بنایا جا سکتا ہے۔

 

 

 

شذرہ۔۔۔۔

مہنگائی کا نیا طوفان

اوپن مارکیٹ میں درجہ اول آئل، گھی، بیکری آئٹمز اور سگریٹس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ایک بار پھر اس حقیقت کو نمایاں کرتا ہے کہ مہنگائی کا دبائو بدستور عوام کی قوتِ خرید کو کمزور کر رہا ہے۔ روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ نہ صرف عام شہری کے بجٹ کو متاثر کرتا ہے بلکہ اس کے معاشی اعتماد کو بھی متزلزل کر دیتا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق آئل اور گھی کی قیمتوں میں 13سے 16روپے تک اضافہ ہوا ہے جبکہ سن فلاور اور کینولا آئل کی بڑی پیکنگ بھی مزید مہنگی ہوچکی ہے۔ اسی طرح بیکری مصنوعات جیسے بریڈ، بن، رسک اور کیک کی قیمتوں میں اضافہ اس بات کا اشارہ ہے کہ مہنگائی صرف بنیادی اشیاء تک محدود نہیں رہی بلکہ یہ روزمرہ زندگی کے ہر پہلو کو متاثر کر رہی ہے۔ سگریٹس کی قیمتوں میں 100سے 200روپے تک اضافہ بھی صارفین کے لیے ایک اضافی بوجھ بن چکا ہے۔ اس صورتحال کے کئی اسباب ہو سکتے ہیں، جن میں خام مال کی قیمتوں میں اضافہ، درآمدی لاگت، ٹیکسز اور سپلائی چین کے مسائل شامل ہیں۔ تاہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا قیمتوں میں اس قدر تیز رفتار اضافہ کسی موثر نگرانی کے بغیر جاری رہنا چاہیے؟ اگر مارکیٹ کو مکمل طور پر آزاد چھوڑ دیا جائے تو اس کا سب سے زیادہ نقصان متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو اٹھانا پڑتا ہے۔ حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ قیمتوں کے تعین کے نظام کو شفاف اور موثر بنائے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت اقدامات کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی پالیسیاں مرتب کرے۔ بیانات اور وقتی اقدامات اس مسئلے کا حل نہیں، بلکہ ایک جامع اور پائیدار حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ صارفین کو بھی اپنی خریداری کے رجحانات میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ غیر ضروری اشیا سے گریز اور متبادل مصنوعات کا استعمال وقتی طور پر مہنگائی کے اثرات کو کم کر سکتا ہے، تاہم یہ مستقل حل نہیں۔ موجودہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ ریاست، مارکیٹ اور عوام تینوں اپنی اپنی ذمے داریاں سمجھیں۔ اگر فوری اور موثر اقدامات نہ کیے گئے تو مہنگائی کا یہ سلسلہ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے، جس کے نتائج معاشی اور سماجی دونوں سطحوں پر نقصان دہ ہوں گے۔

جواب دیں

Back to top button