تازہ ترینخبریںپاکستان

بلدیاتی انتخابات مقررہ شیڈول پر ہوں گے: الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات مقررہ شیڈول پر ہی ہوں گے۔

 ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ کراچی ڈویژن کے اضلاع میں بلدیاتی انتخابات  طے شدہ تاریخ 28 اگست کو ہی ہوں گے۔ حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی الیکشن کا فیصلہ ووٹرز کی سہولت کو پیش نظر رکھ کر کیا جائےگا۔

 خیال رہے کہ سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنےکے لیے خط لکھا ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے بارشوں کے پیش نظر الیکشن کمیشن سندھ کو خط لکھ کر بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

خط میں سندھ حکومت کی جانب سے درخواست کی گئی ہےکہ کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخاب ملتوی کیےجائیں۔

سندھ حکومت کا کہنا ہےکہ اس وقت بلدیاتی انتخاب کا دوسرا مرحلہ کرانا ممکن نہیں، محکمہ موسمیات نے سندھ میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، اس وقت سندھ حکومت، انتظامیہ اور سکیورٹی ادارے مختلف اضلاع میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، آئی جی سندھ کے مطابق اس صورت حال میں پولیس اہل کاروں کو متاثرہ اضلاع سے واپس بلانا مشکل ہے۔

خط میں کہا گیا ہےکہ ہنگامی صورت حال میں الیکشن کے معاملات میں سکیورٹی فراہم کرنا ممکن نہیں ہے، بلدیاتی انتخابات مؤخر کیے جائیں، الیکشن کمیشن انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے نئی تاریخ پر غور کرے۔

خیال رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی سمیت کئی شہروں میں 28 اگست کو پولنگ ہونا ہے، اس سے قبل بھی بلدیاتی انتخابات بارشوں کے باعث ملتوی کیےگئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button