تازہ ترینخبریںفن اور فنکار

پاکستانی فلمساز محمد علی نقوی آسکر اکیڈمی کے ممبر منتخب

پاکستانی دستاویزی فلم ساز محمد علی نقوی  آسکر اکیڈمی کے ممبران میں شامل ہو گئے۔

محمد علی نقوی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر یہ خوشخبری سنائی ہے کہ اُنہیں آسکر اکیڈمی کے ممبران میں شامل کر لیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’یہ اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہوئی کہ میں اب (دی اکیڈمی) کا ممبر ہوں اور مجھے اکیڈمی آف موشن پکچرز میں شامل کر لیا گیا ہے‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا ہے کہ ’یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے اور مجھے پاکستان کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے، میں اپنا پہلا ووٹ ڈالنے کے لیے منتظر ہوں!‘

واضح رہے کہ اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز (AMPAS) نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ 397 ہالی ووڈ اور بین الاقوامی فلم کمیونٹی کے پیشہ ور افراد کو اکیڈمی کی 2022ء کلاس میں شامل ہونے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

دستاویزی فلم ’ان شاء اللّٰہ ڈیموکریسی‘ سے شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی فلم ساز محمد علی نقوی کو اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جس میں  بھارتی اداکارہ کاجول، کیٹریونا بالفے، آریانا ڈیبوس اور موسیقار بلی ایلش بھی شامل ہیں۔

’دی اکیڈمی‘ کے پریس ریلیز کے مطابق 2022ء کی کلاس 44 فیصد خواتین پر مشتمل ہے، جن میں سے 37 فیصد کا تعلق اقلیتی نسل یا نسلی برادریوں سے ہے۔

اکیڈمی میں مدعو کی گئی اس کلاس میں تقریباً 50 فیصد کا تعلق امریکا کے باہر کے 53 ممالک اور خطوں سے ہے۔

مجموعی طور پر 71 ممکنہ نئے ممبر ایسے ہیں جو آسکر ایوارڈ کے لیے نامزدگی حاصل کر چکے ہیں، جبکہ 15 آسکر ایوارڈ یافتہ ممبر بھی شامل ہیں۔

محمد علی نقوی کے حالیہ پراجیکٹ کو نیٹ فلکس پر نشر کیا گیا تھا۔

دستاویزی فلم، ’ٹرننگ پوائنٹ: 9/11 اینڈ دی وار آن ٹیرر‘ نے دنیا کو بدلنے والی تباہی کے حقیقی واقعات کو دکھانے پر بے حد پزیرائی  حاصل کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button