
اسپیکر پنجاب اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الہیٰ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمران خان مجھے پنجاب اسمبلی توڑنے کا حکم دیں گے تو میں آدھے گھنٹے کے اندر اندر صوبائی اسمبلی تحلیل کردوں گا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دینے والے پی ٹی آئی کے 25 منحرف اراکین صوبائی اسمبلی کے خلاف ریفرنس منظور کرتے ہوئے انہیں ڈی سیٹ کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے تاریخ ساز فیصلہ دیا ہے۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے آج کے تاریخ ساز فیصلے کے ملکی جمہوریت کو مضبوط کرنے کے حوالے سے دور رس مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
ویڈیو بیان میں چوہدری پرویز الہیٰ کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کا نامزد کردہ امیدوار ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا حلف لینے کے بعد اگر عمران خان مجھے پنجاب اسمبلی توڑنے کا حکم دیں گے تو میں آدھے گھنٹے کے اندر اندر صوبائی اسمبلی تحلیل کردوں گا۔