تازہ ترینتحریکخبریں

حمزہ شہباز کی حلف برداری، ‘صدر اور گورنر کو بائی پاس نہیں کیا جاسکتا’

 اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلہ کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت اور گورنر پنجاب کو بائی پاس نہیں کیا جاسکتا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے  حمزہ شہباز کی حلف برداری کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے، ہوسکتا ہے ہمارے وکلا آج رات ہی پٹیشن دائر کردیں، صبح عدالتیں کھلیں گی تو وکلا پیش ہوں گے اور پوچھیں گے آپ نے یہ کیا کردیا ہے، مجھے اللہ تعالٰی کی ذات پر اعتماد ہے، اللہ کی عدالت ہر وقت کھلی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت اور گورنر پنجاب کو بائی پاس نہیں کیا جاسکتا، اس طرح نہیں ہوسکتا کہ چیزوں کو بلڈروز کرکے یکطرفہ فیصلہ کردیا جائے، اس حلف کا کوئی فائدہ نہیں، اس طرح گوالمنڈی میں جا کر حلف لے لیں۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ معاملے کا آئینی اور قانونی حل نکالنا ہوگا کہ تاکہ فیصلے میں لگے انصاف ہوا ہے، لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے آئینی بحران پیدا ہوجائے گا، یہ تو خواہ مخواہ کی نئی جنگ چھڑ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کو 22 دن تک انتظار کرنا چاہیے تھا، یہ معاملات عدالتوں میں لے گئے، ابھی تک 26 منحرف ارکان کا فیصلہ نہیں آیا، منحرف ارکان کا فیصلہ آجاتا ہے تو پورا الیکشن ختم ہوجائے گا، 26 منحرف ارکان کے خلاف فیصلہ آنے کے بعد ان کے پاس اکثریت نہیں رہے گی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن گیلری میں ہونا غلط ہے، مجھ پر حملہ کیا گیا، یکطرفہ الیکشن نہیں ہوسکتا، شہبازشریف نے اسمبلی پر حملے کی ہدایت دی، آج انہوں نے سیکریٹری اسمبلی کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، یہ کوئی طریقہ نہیں کہ اسمبلی اسٹاف کو جیل میں ڈال دیا جائے۔

خیال رہے کہ پنجاب کے نومنتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کے حلف نہ لینے کے خلاف تیسری بار لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی درخواست منظور کرتے ہوئے حکم جاری کیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کل ساڑھے 11 بجے حمزہ شہباز سے حلف لیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button