25 فروری کو200 کروڑ ڈوب جائیں گے: کنگنا رناوٹ نے پیشگوئی کر دی
کنگنا رناوٹ یقینناً عالیہ بھٹ سے کوئی گہری پُرخاش رکھتی ہیں جو اداکارہ کو کسی صورت بخشنے کوتیارنہیں، نہ توکنگنا عالیہ کا پیچھا چھوڑرہی ہیں اور نہ ہی ان کی آنے والی فلم ‘ گنگو بائی کاٹھیاواڑی’ کا۔
کئی فلموں میں عمدہ پرفارمنس دے کرسراہی جانے والی کنگنا ان دنوں ہٹ فلموں سے زیادہ اپنی توجہ ایک کے بعد ایک تنازع چھیڑنے اور متنازع بیانات دینے پرمرکوز رکھے ہوئے ہیں۔ کئی مواقع پربالی ووڈ کو اپنادشمن قراردیتے ہوئے مقابلہ کرنے کا عزم ظاہرکرنے والی کنگنا کا دعویٰ ہے کہ انڈسٹری میں اقربا پروری پھیل رہی ہے، شاید اسی لیے آج کل ان کے نشانے پربھارتی فلمساز مہیش بھٹ کی سب سے چھوٹی صاحبزادی ہیں۔
کنگنا رناوت کئی مواقع پرعالیہ بھٹ کو نشانہ بنا چکی ہیں، گزشتہ سال اپنی سوانحی فلم ‘ تھلائیوی’ کی تشہیرکے دوران کنگنا نے گنگوبائی کاٹھیاواڑی میں عالیہ کی کاسٹنگ پر طنزکرتے ہوئے انہیں ‘چھوٹا بچہ بطور گینگسٹر’ کہا تھا تاہم عالیہ کنگنا کی مسلسل تنقید کو براہ راست لینے سے گریزہی برتتی ہیں۔
گنگو بائی کاٹھیاواڑی جمعہ 25 فروری کو ریلیز کی جارہی ہے جس کی تحریر اور ہدایتکاری انڈسٹری کے مانے ہوئے ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی کی ہیں۔
ریلیز سے قبل ہی کنگنا نے اس کے بُری طرح سے فلاپ ہوجانے کی پیشگوئی کرڈالی۔
کنگنا نے انسٹااسٹوریزمیں فلم پرلگائے جانے والے سرمایے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا، ‘اس جمعے کو باکس آفس پر 200 کروڑروپے جل کر راکھ ہو جائیں گے،” ایک پاپا (فلم مافیا ڈیڈی)کی پری (جو برطانوی پاسپورٹ رکھنا پسند کرتا ہے) ، یہ ثابت کرنا چاہتا ہے کہ روم کام بمبو اداکاری کرسکتا ہے۔
گزشتہ ہفتے بھی کنگنا نے یہ فلم بنانے والوں پرسخت تنقید کی تھی جب فلم فیئر نے حال ہی میں ٹوئٹر پرعالیہ کے کردارکی کاپی کرنے والی ایک کم عمر لڑکی کی ویڈیو پوسٹ کی جسے تنقید کے بعد ہٹا دیا گیا تھا۔ ویڈیو پرردعمل ظاہرکرنے والی کنگنا کا کہنا تھا کہ ‘کیا اس بچی کو سیکس ورکرکی نقل کرنی چاہیے جس کے منہ میں بیڑی ہے اوروہ گندے اور فحش مکالمےبول رہی ہے ، سیکڑوں دوسرے بچے ہیں جو اسی طرح استعمال ہو رہے ہیں ‘۔
فی الحال عالیہ بھٹ کی جانب سے کنگنا کے کسی بھی تبصرے کا جواب سامنے نہیں آیا، اداکارہ ان دنوں فلم کی تشہیری مہمات میں مصروف ہیں۔