خواتین سیاستدانوں کی کارکردگی سے مایوس نادیہ خان کا سیاست میں آنے کا اعلان

نامور اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے پاکستانی خواتین سیاستدانوں کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سیاست میں آنے کا عندیہ دے دیا۔
نادیہ خان حال ہی میں جیو نیوز کے پروگرام ’جشن کرکٹ‘ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار کے ساتھ شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے مختلف سوالوں کے جوابات بھی دیے۔
پروگرام کے دوران عثمان ڈار نے بھی مختلف سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا (کے پی) میں محمود خان کو وزیر اعلیٰ بنانے کا فیصلہ درست کیا، وہ صحیح کام کر رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بنائی گئی ٹائیگر فورس نے اچھا کام کیا، جو لوگ کہتے ہیں کہ فورس نہیں، انہیں دکھانے کے لیے وہ ٹی وی پر فورس کے ارکان کو سامنے لانے کو تیار ہیں۔
پروگرام کے ایک سیگمنٹ کے دوران عثمان ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی کو نادیہ خان جیسے چہروں کی ضرورت ہے اور وہ صرف ان کی پارٹی کو جوائن کریں، وہ انہیں لینے اداکارہ کے گھر جائیں گے۔
پروگرام کے دوران نادیہ خان نے مختلف سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان سابق وزیر اعظم نواز شریف سے اچھے لیڈر ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان لوگوں کی آخری امید ہیں، تاہم ساتھ ہی کہا کہ وہ اب عوام کو گھبرانے کی اجازت بھی دیں۔
ایک سوال کے جواب میں نادیہ خان نے کہا کہ مریم نواز اچھا میک اپ اور فیشن کرتی ہیں جب کہ ان کے فیشن سے متعلق مہنگے فیشن کی باتیں درست نہیں۔
ایک سوال پر انہوں نے اپنے مداحوں کو کہا کہ وہ اطمینان رکھیں کہ وہ ہرجانے کے پانچ کروڑ ادا نہیں کریں گی بلکہ پچاس کروڑ روپے وصول کریں گی۔